پاکستان اور چین کا قومی مفادات پر مکمل حمایت کا اعلان، سی پیک کے اگلے مرحلے پر اتفاق

بیجنگ : پاکستان اور چین کے مابین قائم لازوال سفارتی تعلقات کی 75 ویں تاریخی سالگرہ کے موقع پر بیجنگ میں ایک انتہائی اہم اور اعلیٰ سطحی بیٹھک ہوئی ہے جہاں وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے بیجنگ کے دورے کے دوران چینی وزیرِ اعظم لی چیانگ سے ملاقات کی، جس میں پاکستان کی عسکری و سیاسی قیادت کا اعلیٰ ترین وفد بھی شریک ہوا۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف اور چینی وزیرِ اعظم لی چیانگ نے دونوں ممالک کے بنیادی قومی مفادات کے تمام امور پر ایک دوسرے کی غیر مشروط اور مکمل حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا، بیجنگ میں ہونے والی اس ملاقات کو دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ کے پسِ منظر میں ایک نئے دور کا آغاز قرار دیا جا رہا ہے، وزیرِ اعظم شہباز شریف نے چینی ہم منصب کی جانب سے کیے گئے پرتپاک استقبال پر دلی شکریہ ادا کرتے ہوئے واضح کیا کہ پاک چین دیرینہ اسٹریٹجک شراکت داری پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے اور یہ آہنی دوستی باہمی اعتماد پر قائم ہے۔
بتایا گیا ہے کہ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری سی پیک نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں انقلابی کردار ادا کیا، سی پیک کے اگلے اور اعلیٰ معیار کے مرحلے کی ترقی کے لیے کلیدی شعبوں پر خصوصی توجہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جن میں صنعتکاری، دوطرفہ روابط، جدید زراعت، سائنس و ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل تبدیلی اور صاف توانائی شامل ہیں۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے پاکستان کی معاشی ترجیحات کو تیز کرنے کے لیے کہا کہ چین کے 15ویں پانچ سالہ منصوبے اور پاکستان کے نئے ترقیاتی فریم ورک ‘اُڑان پاکستان’ کے درمیان فوری ہم آہنگی پیدا کی جائے گی تاکہ باہمی مفاد پر مبنی تعاون سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھایا جا سکے، چین کے خلائی سٹیشن پروگرام کے لیے پاکستانی خلا بازوں کا انتخاب کر لیا گیا ہے، یہ پیشرفت دونوں ممالک کے درمیان خلائی تحقیق، مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجیز جیسے ابھرتے ہوئے سٹریٹجک شعبوں میں بڑھتی ہوئی گہرائی کا واضح مظہر ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ ملاقات میں وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ملکی معیشت اور استحکام کے لیے چین کی مستقل حمایت کی تعریف کی، اس موقع پر انہوں نے چینی قیادت کو سب سے اہم ترین یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں کام کرنے والے تمام چینی شہریوں، چینی اداروں اور ترقیاتی منصوبوں کی فول پروف سیکیورٹی یقینی بنانا پاکستان کا پختہ اور اولین عزم ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں