میں کسی کی برائی کرکے ووٹ نہیں مانگتا، ہم اپنی کارکردگی پر ووٹ مانگتے ہیں، نوازشریف

گلگت : مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ میں کسی کی برائی کرکے ووٹ نہیں مانگتا، ہم اپنی کارکردگی کی بنا پر ووٹ مانگتے ہیں، میرے جیسے بندے کا دیس نکالا کیوں ہونے دیا، کیوں مجھے ملک چھوڑ کر جانا پڑا، کیوں مجھے جیلوں میں ڈالا گیا، اس میں قصور آپ عوام کا بھی ہے۔ تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان میں انتخابی مہم کے سلسلے میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہ کہ جب میں یہاں پہنچا تو ایئرپورٹ سے نکل کر سڑکوں کا حلیہ دیکھ کر مجھے بہت دکھ اور شدید تکلیف ہوئی کیوں کہ مجھے ذاتی طور پر پہاڑوں کا بہت شوق ہے اور مجھے سکردو اور گلگت بلتستان سے دلی محبت ہے، یہاں کے عوام ہمیشہ میرے دل میں بستے ہیں، لیکن شاید اب آپ لوگوں نے مجھے بھلا دیا ہے۔
نواز شریف کہتے ہیں کہ اس گلگت کو میں ہمیشہ اپنے سینے سے لگا کر رکھتا تھا، لیکن یہاں سڑکوں پر اتنے زیادہ کھڈے بن چکے ہیں کہ آتے ہوئے مجھے دلی طور پر بہت دکھ پہنچا ہے، یہاں گلگت بلتستان میں سردیوں کے موسم میں 22، 22 گھنٹے بجلی غائب رہتی ہے، جبکہ گرمیوں میں بھی دس سے بارہ گھنٹے تک بجلی نہیں آتی، عوام کو بنیادی سہولت سے محروم رکھنا مجھے کسی صورت منظور نہیں، یہ مجھے بالکل بھی منظور نہیں ہے۔
انہوں نے اپنی جماعت کے وژن کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اپنے ادوار میں ملک بھر میں موٹرویز کا جال بچھایا، میں وہ نواز شریف ہوں جو کسی دوسرے پر تنقید کر کے یا کسی کی برائی بیان کر کے ووٹ نہیں مانگتا، بلکہ ہم ہمیشہ اپنی ٹھوس کارکردگی کی بنا پر عوام سے ووٹ کا حق مانگتے ہیں، لیکن مجھے کئی دفعہ دیس نکالا دیا گیا، مجھ سے گلہ نہ کرو قصور آپ کا بھی ہے، مجھ جیسے بندے کا دیس نکالا کیوں ہونے دیا؟مجھے کیوں ملک سے باہر جانا پڑا، کیوں جیلوں میں ڈالا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں