راولپنڈی : راولپنڈی میں پاک فوج کے ہیڈ کوارٹرز جی ایچ کیو میں پاکستان اور لبنان کے عسکری سربراہان کے مابین اعلیٰ سطح کی ملاقات ہوئی ہے جس میں دفاعی و تربیتی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ مسلح افواج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے لبنان کے آرمی چیف جنرل روڈولف ہیکل نے جی ایچ کیو میں ملاقات کی ہے، اس ملاقات میں دوطرفہ عسکری تعلقات، خطے کی سکیورٹی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
فوج کے ترجمان ادارے نے بتایا کہ معزز مہمان کا جی ایچ کیو آمد پر روایتی اور باوقار انداز میں استقبال کیا گیا، لبنانی آرمی چیف جنرل روڈولف ہیکل کو جی ایچ کیو پہنچنے پر مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی اور گارڈ آف آنر پیش کیا، اس اہم ملاقات کے دوران دونوں عسکری رہنماؤں کے مابین دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جانے کے لیے مختلف پہلوؤں پر توجہ مرکوز کی گئی۔
آئی ایس پی آر سے معلوم ہوا ہے کہ ملاقات میں خطے میں پائیدار امن و سلامتی کے فروغ اور درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی پر بات چیت ہوئی، دونوں ممالک کی مسلح افواج کے مابین پیشہ ورانہ روابط، تربیتی تعاون اور ادارہ جاتی تعلقات کو وقت کے ساتھ مزید مضبوط اور فعال بنانے پر خصوصی زور دیا گیا۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس موقع پر پاکستان کے اصولی مؤقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ پاکستان لبنان کے ساتھ اپنے دیرینہ، تاریخی اور دوستانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت کی نگاہ سے دیکھتا ہے، پاک فوج لبنانی مسلح افواج کے ساتھ دفاعی اور عسکری تعاون کے دائرہ کار کو مزید وسعت دینے کے لیے پوری طرح پُرعزم ہے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر سے لبنانی آرمی چیف کی ملاقات، دفاعی روابط مضبوط بنانے پر اتفاق




