ورلڈ کپ:عمران خان قومی کرکٹ ٹیم کی تیاریوں پر فکرمند

وزیراعظم پاکستان عمران خان نے ورلڈ کپ کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کی تیاریوں پر فکرمندی کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی احسان مانی کو سلیکشن کا طریقہ کار بہتر بنانے کی ہدایت کردی ہے ۔آسٹریلیا کیخلاف حالیہ سیریز میں چھ اہم پلیئرز کو آرام کرانے کے فیصلے پر انضمام الحق کی سربراہی میں کام کرنے والی قومی سلیکشن کمیٹی کڑی تنقید کی زد میں ہے اور عالمی کپ 1992ء میں پاکستان کو ورلڈ کپ میں ٹائٹل کامیابی دلانے والے سابق کپتان عمران خان بھی حالیہ نتائج سے خوش نہیں جنہوں نے کھلاڑیوں کے انتخاب پر عدم اطمینان ظاہر کرتے ہوئے ملاقات کیلئے آنے والے چیئرمین پی سی بی احسان مانی کو ہدایت کردی کہ وہ قومی کھلاڑیوں کے انتخاب کے طریقہ کار میں تبدیلی لاتے ہوئے اس بات کو یقینی بنائیں کہ ورلڈ کپ کیلئے بہترین دستیاب پلیئرز پر مشتمل ٹیم انگلینڈ بھیجی جائے تاکہ بہترین نتائج حاصل کئے جا سکیں۔پی سی بی ذرائع کے مطابق احسان مانی نے وزیراعظم کو یقین دلایا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اپنی جانب سے بہترین کوششیں کرتے ہوئے اس بات کو یقینی بنائے گا کہ قومی ٹیم کے انتخاب کیلئے طریقہ کار میں بہتری لائی جائے۔ پی سی بی ذرائع کے مطابق عمران خان نے اس موقع پر بورڈ آفیشلز سے کہا کہ وہ پاکستان سپر لیگ کا آئندہ ایڈیشن مکمل طور پر پاکستان میں کرانے کیلئے اپنی کوششیں اور کاوشیں جاری رکھیں اور پانچویں ایڈیشن کے میچز صرف لاہور اور کراچی میں ہی نہیں بلکہ ملک کے دیگر مراکز پر بھی کرائے جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں