ہم خود فیصلے نہیں کرسکتے، ہمارے فیصلے غیروں کے ہاتھ میں ہیں، نواز شریف

لاہور : مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف کا کہنا ہے کہ ہم خود فیصلے نہیں کرسکتے، ہمارے فیصلے غیروں کے ہاتھ میں ہیں، یہ فیصلے ہم نے نہیں تحریک انصاف نے غیروں کے ہاتھ میں دیئے، ورنہ آج پتہ نہیں ہم کہاں پہنچے ہوتے۔ ضمنی الیکشن میں نو منتخب ارکان اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں جھوٹ، گالم گلوچ، بدتمیزی، بدتہذیبی اور فتنے کو شکست ہوئی ہے، پاکستان مسلم لیگ ن کی ڈیڑھ سال میں خدمت کی وجہ سے ضمنی انتخابات میں کامیابی ملی، پی ٹی آئی نے کہا ہم الیکشن کا بائیکاٹ کریں گے، بائیکاٹ ایسے ہوتا ہے، عمر ایوب کی اہلیہ الیکشن لڑ رہی تھی لیکن عوام نے ووٹ کارکردگی کی بنیاد پر دیا، شہباز شریف اور مریم نواز کو شاباش دیتا ہوں جنہوں نے محنت سے کام کرکے وہ مقام حاصل کیا جو ہم نے کھو دیا تھا، پاکستان اڑان بھر چکا ہے۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ دوسروں کو چور ڈاکو کہنے والے خود چور ثابت ہوئے، 2017ء میں ملک تیزی سے ترقی کر رہا تھا، انہوں نے ملک کا جو حال کیا پوری قوم بھگت رہی ہے، 2017ء میں ملک کہاں جا رہا تھا اور کہاں چلا گیا؟ آپ سب نے اپنی آنکھوں سے دیکھا، گروتھ ریٹ بڑھ رہا تھا، مہنگائی 3 فیصد تھی اور اسے 39 فیصد تک لے جایا گیا جو اب 4 فیصد پر آ گئی ہے لیکن روپے کی جو حالت کی گئی اس کا خمیازہ آج ہر پاکستانی بھگت رہا ہے، عمران خان اکیلا نہیں بلکہ اُس کو لانے والے بھی مجرم ہیں۔
نوازشریف کہتے ہیں کہ اگر 2017ء والی ترقی کی رفتاری جاری رہتی تو آج آئی ایم ایف کی فکر نہ ہوتی، ن لیگ کے جانے کے بعد بہت تباہی ہوئی، ملک کا ستیاناس کردیا گیا، عمران خان اتنا مجرم نہیں تھا ان کو لانے والے زیادہ مجرم تھے، ان سے بھی پورا پورا حساب لینا چاہیئے، ضمنی انتخابات میں عوام نے ن لیگ کو عزت دی اور اپنے اعتماد کا اظہار کیا ہے، مریم نواز اور شہباز شریف مجھ سے بھی آگے گزر گئے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں