فیلڈ مارشل سے مصری وزیر خارجہ کی ملاقات

راولپنڈی: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے مصر کے وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر احمد محمد عبدالعاطی نے ملاقات کی ہے جس میں دفاعی تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات کے دوران فیلڈ مارشل اور مصری وزیر خارجہ نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات خصوصاً دفاع اور سکیورٹی تعاون، عسکری روابط، تربیتی اشتراک اور علاقائی امن و استحکام کا جائزہ لیا، ملاقات میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ دفاع اور وسیع تر سٹریٹجک شعبوں میں ہم آہنگی کو مضبوط اور دیرینہ تعلقات کو مزید گہرا کیا جائے گا۔
فوج کے ترجمان ادارے نے بتایا کہ ملاقات کے موقع پر وزیرِ خارجہ ڈاکٹر بدر احمد نے مصر کی قیادت کی جانب سے نیک خواہشات پہنچائیں اور اس امر کا اظہار کیا کہ مصر پاکستان کے ساتھ تمام شعبوں میں تعاون کو مزید توسیع دینے میں دلچسپی رکھتا ہے، فیلڈ مارشل اور مصری وزیر خارجہ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ خطے کی بدلتی ہوئی سکیورٹی صورتحال کے پیشِ نظر ابھرتے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اعلیٰ سطحی رابطوں کا تسلسل نہایت اہم ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ مصر کے وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر احمد محمد عبدالعاطی نے 29 تا 30 نومبر 2025 تک نائب وزیراعظم اوروزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی دعوت پر پاکستان کا سرکاری دورہ کیا، دورے کے دوران مصر کے وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر احمد محمد عبدالعاطی نے وزارت خارجہ میں نائب وزیراعظم اوروزیر خارجہ اسحاق ڈار کے ساتھ ملاقات کے بعد وفد کی سطح پر بات چیت کی، دونوں فریقوں نے سیاسی، اقتصادی، تجارتی اور دفاعی تعلقات، ثقافتی اور تعلیمی تعاون اور صحت کے شعبے میں اشتراک سمیت پاکستان مصر دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا، جس میں ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کی پاکستان کی قومی کوششوں میں مصر کی معاونت بھی شامل ہے، کاروباری اور اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کے لیے، دونوں فریقوں نے نجی شعبے کی شراکت داریوں میں سہولت اور تجارتی روابط کو وسعت دینے کے لیے ٹھوس اقدامات پر اتفاق کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں