سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں منظور وٹو انتقال کرگئے

اوکاڑہ:صوبہ پنجاب کے سابق وزیراعلیٰ میاں منظور وٹو انتقال کرگئے۔ تفصیلات کے مطابق سینئر سیاسی رہنماء اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں منظور وٹو وفات پاچکے ہیں، میاں منظور احمد وٹو کا تعلق ضلع اوکاڑہ کے علاقہ حویلی لکھا سے تھا، سینئر سیاستدانوں میں شمار ہونے والے معروف سیاسی رہنماء کچھ عرصہ سے علیل تھے، ان کا انتقال 95 سال کی عمر میں ہوا، اہل خانہ نے میاں منظور احمد وٹو کے انتقال کی تصدیق کر دی ہے۔
بتایا جارہا ہے کہ میاں منظور وٹو ضلع اوکاڑہ کے وٹو خاندان سے تعلق رکھتے تھے، وہ متعدد عہدوں پر فائز رہے جس میں وزیر اعلیٰٰ پنجاب، سپیکر پنجاب اسمبلی اور وفاقی وزیر امور کشمیر نمایاں ہیں، میاں منظور احمد خان وٹو نے سیاسی کیرئر کا آغاز آزاد حیثیت سے الیکشن لڑ کر کیا، ان کے انتقال پر سیاسی و سماجی شخصیات نے گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے۔
وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں منظور احمد وٹو کے انتقال کی خبر نے دل کو افسردہ کردیا، وہ ایک زیرک سیاستدان، تجربہ کار پارلیمنٹرین اور عوامی مسائل کے گہرے شعور رکھنے والے رہنماء تھے، صوبہ پنجاب اور ملکی سیاست کے لیے ان کی خدمات کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا، اللہ تعالیٰ مرحوم کو مغفرت عطا فرمائے، ان کے درجات بلند کرے اور اہلِ خانہ کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں