بسنت کی تیاریاں: پنجاب حکومت نے پتنگ بازی کیلئے نئے قواعد نافذ کردیے

لاہور: پنجاب میں بسنت منانے کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں اس حوالے سے پتنگ بازی کے لیے قواعد و ضوابط کو حتمی شکل دے دی گئی ہے ۔ ہوم سیکرٹری پنجاب کے مطابق ابھی تک پتنگ بنانے یا اُڑانے کی اجازت نہیں ہے، تاہم 6 اور 7 فروری کو ضلعی کمشنرز (ڈی سی) کی اجازت سے پتنگ بازی ممکن ہوگی۔ نئے قواعد کے تحت ایک خاص سائز سے بڑی پتنگ نہیں بنائی جاسکے گی اور پتنگ بنانے یا اُڑانے کے لیے خاص کاغذ اور ڈور کا استعمال لازمی ہوگا۔
پتنگ بنانے یا فروخت کرنے والوں کے لیے رجسٹریشن فیس ایک ہزار روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ ڈی سی کی اجازت کے بغیر کوئی بھی پتنگ نہیں بنا یا اُڑا سکتا۔ صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں بسنت منانے کیلئے مقامات کا انتخاب کرلیا گیا، بسنت کے دوران شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے سکیورٹی اور انتظامی اقدامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہور میں 6 سے 8 فروری تک بسنت کو بطور تہوار منانے کی تیاریاں جاری ہیں، اس سلسلے میں ہونے والی تقریبات کے لیے انتظامیہ نے شہر میں مختلف مقامات کا انتخاب کیا ہے، جن میں گریٹر اقبال پارک، جلو پارک، جیلانی پارک، گلشن اقبال پارک اور ماڈل ٹاؤن پارک شامل ہیں اسی طرح اندرون شہر میں بھی بسنت منانے کی اجازت دیئے جانے کا امکان ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں