اسلام آباد:بھارتی خبر رساں ایجنسی پریس ٹرسٹ آف انڈیا (پی ٹی آئی) کے مطابق اپنے تین روز دورے کے آخری دن پیر کو پولینڈ کے وزیر خارجہ اور نائب وزیر اعظم رادوسلاو سِکورسکی نے بھارتی وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر سے ملاقات کی۔ اس موقع پر جے شنکر نے سِکورسکی سے کہا کہ پولینڈ کو خطے میں دہشت گردی کو ”ہوا دینے‘‘سے گریز کرنا چاہیے۔
جے شنکر نے سِکورسکی کے حالیہ پاکستان دورے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بھارت اپنے شراکت داروں سے توقع کرتا ہے کہ وہ پڑوس میں دہشت گردی کے ڈھانچے کی حمایت نہیں کریں گے۔ پولینڈ کے وزیر خارجہ کا پاکستان کا دورہ ‘آپریشن سیندور‘ کے بعد بھارت-پاکستان تنازع کے چند ماہ بعد ہوا تھا، جس پر نئی دہلی نے ناراضی دکھائی تھی۔
خیال رہے کی سِکورسکی کے پاکستان دورے کے دوران ایک مشترکہ بیان جاری کیا گیا تھا جس میں پولینڈ نے کشمیر کے مسئلے کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی حمایت کی تھی۔
اور بھارت اسی بات سے ناراض ہے۔جواب میں پولینڈ کے وزیر خارجہ رادوسلاو سِکورسکی نے روس میں ہونے والی فوجی مشقوں میں بھارت کی شرکت کو ”تشویشناک‘‘ قرار دیا، جس سے دونوں ممالک کے درمیان اختلافات مزید نمایاں ہو گئے۔
حیدرآباد ہاؤس میں میٹنگ کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سِکورسکی نے کہا، ”ہم سب کے علاقائی خدشات ہوتے ہیں اور پڑوسیوں کے ساتھ مواقع بھی ہوتے ہیں اور چیلنجز بھی۔
اگرچہ دہشت گردی پر دونوں ممالک کا موقف مشترک ہے، لیکن ہمیں روس میں ہونے والی مشقوں میں بھارت کی شرکت پر تحفظات ہیں۔‘‘




