لاہور :لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کی جانب سے صارفین کیلئے سولر گرین میٹرز لگانے پر پابندی عائد کردی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزارتِ توانائی کی ہدایت پر لیسکو نے سولر گرین میٹرز کی تنصیب پر عارضی پابندی عائد کی ہے، جس کے نتیجے میں ہزاروں گھریلو اور صنعتی صارفین سولر گرین میٹر کی سہولت سے محروم ہوچکے ہیں، لیسکو حکام کا کہنا ہے کہ نیپرا کی سولر گرین میٹر لگانے کی اجازت اور ہدایات موجود تھیں، تاہم وزارتِ توانائی نے حالیہ فیصلے کے تحت گرین میٹرز کی تنصیب روکنے کا حکم دیا۔
لیسکو انتظامیہ نے کہا ہے کہ وزارتِ توانائی کے احکامات پر عمل کرنے کے پابند ہیں اسی لیے فوری طور پر سولر گرین میٹرز کی تنصیب معطل کردی گئی ہے، لیسکو نے ناصرف گھریلو بلکہ صنعتی صارفین کے لیے بھی سولر گرین میٹرز لگانا بند کر دیا ہے جس سے صنعتی شعبے میں توانائی کے متبادل ذرائع کے فروغ کو بھی وقتی دھچکا لگا ہے، یہ فیصلہ صرف لیسکو تک محدود نہیں بلکہ ملک بھر کی تمام بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے بھی سولر کنکشن اور گرین میٹرز کی تنصیب روک دی ہے۔
لیسکو حکام نے کہا ہے کہ پابندی کے باعث وہ صارفین بھی متاثر ہوں گے جنہوں نے پہلے ہی سولر سسٹم نصب کر رکھا ہے اور گرین میٹر کے لیے درخواستیں جمع کرا دی تھیں، یہ پابندی ایک سے دو ماہ تک برقرار رہ سکتی ہے، اس دوران نئی سولر گرین میٹر پالیسی مرتب کیے جانے کا امکان ہے، نئی پالیسی کے اجراء کے بعد ہی گرین میٹرز کی تنصیب کا عمل دوبارہ شروع کیا جائے گا، صارفین کو اب نئی پالیسی کے اعلان تک انتظار کرنا ہوگا.
لیسکونے صارفین کیلئے سولر گرین میٹرز لگانے پر پابندی عائد کردی




