کراچی: ملک میں فی تولہ سونے کی قیمت تاریخ میں پہلی بار 5 لاکھ روپے سے بھی اوپر جا چکی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں ایک دن میں سونے کی قیمت میں تاریخ کا سب سے بڑا اضافہ ہوا ہے اور اس کے نتیجے میں ملک میں فی تولہ سونے کی قیمت 5 لاکھ روپے سے تجاوز کرگئی، آل پاکستان جیمز اینڈ جیولر ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ آج فی تولہ سونا 12 ہزار 700 روپے مہنگا ہوا، اس اضافے کے باعث ملک میں فی تولہ سونا 5 لاکھ 6 ہزار 362 روپے کا ہوچکا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ ملک کی تریخ میں پہلی بار 10 گرام سونے کے بھاؤ بھی سوا 4 لاکھ روپے سے تجاوز کرچکے ہیں اور اس وقت 10 گرام سونے کی قیمت 10 ہزار 888 روپے بڑھ کر 4 لاکھ 34 ہزار 123 روپے ہوگئی ہے، اسی طرح ملک میں چاندی کی فی تولہ قیمت بھی 64 روپے بڑھنے کے بعد 9 ہزار 933 روپے کی ریکارڈ سطح پر پہنچ چکی ہے۔
بتایا جارہا ہے کہ سونے کی قیمتوں میں اس نمایاں اضافے نے خریداروں اور سرمایہ کاروں کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے کیوں کہ گزشتہ روز بھی ملک میں سونے کی قیمت میں ایک بار پھر بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا جس کے بعد سونا تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ، صرافہ مارکیٹ ذرائع نے بتایا کہ منگل کے روز ملک میں فی تولہ سونا 4 ہزار 300 روپے مہنگا ہو ا جس کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت بڑھ کر 4 لاکھ 93 ہزار 662 روپے کی سطح پرپہنچی ، اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں 3 ہزار 686 روپے کا اضافہ ہوا جس کے بعد 10 گرام سونا 4 لاکھ 23 ہزار 235 روپے میں فروخت ہونے لگا تھا۔
ملک میں فی تولہ سونے کی قیمت تاریخ میں پہلی بار 5 لاکھ روپے سے اوپر چلی گئی




