لاہور میں بسنت اختتام پذیر، پتنگ بازی پر دوبارہ پابندی عائد

لاہور : صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں 3 روزہ بسنت اختتام پذیر ہوگئی جس کے بعد پتنگ بازی پر دوبارہ پابندی عائد کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں کامیاب بسنت کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے کے ديگر شہروں میں بھی بسنت منانے کا اشارہ دیا ہے اور انہوں نے لاہور کے بعد دیگر شہروں میں بھی سیف بسنت کا تصور اپنانے کا اعلان کردیا، اس حوالے سے اپنے ایک پیغام میں مریم نواز نے کہا کہ بسنت کے 25 سال بعد واپس آنے پر لاہور، پنجاب اور پاکستان بھر میں ناقابل یقین ماحول، بسنت کی شاندار تقاریب، جشن، اتحاد اور خوشیوں کا ماحول دیکھا گیا، براہ کرم محفوظ طریقے سے جشن مناتے رہیں، بجلی کے تاروں سے دور رہیں، اپنی چھتوں کو محفوظ رکھیں اور تمام رہنما خطوط پر عمل کریں، آئیے اس تاریخی بسنت کو سب کے لیے خوشگوار، محفوظ اور یادگار بنائیں۔
بتایا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے بسنت پر حفاظتی ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے پر اہل لاہور کو خراج تحسین بھی پیش کیا گیا، انہوں نے کہا کہ خوشی ہے لاہور والوں نے ہمارے اعتماد کی لاج رکھی، میں بہت خوش ہوں کہ الحمدللہ لاہور والوں نے قواعد و ضوابط پرعمل کرکے محفوظ بسنت منانے میں اہم کردار ادا کیا، خوش و خرم مگر محفوظ بسنت کا تصور پوری طرح اپنایا گیا، کھابے کھائے گئے پیچوں پر پیچ لڑائے گئے، ہوا کے جوش پر پتنگوں کی آنکھ مچولی ہوتی رہی یہی خوشی ہے۔
مریم نواز کا یہ بھی کہنا تھا کہ مقررہ سائزاور مقرر کردہ پنے کےعلاوہ ممنوعہ ڈور استعمال کرنے کی اطلاعات بھی نہیں ملیں، چھتوں پرایس او پیز کے تحت محفوظ بسنت منائی گئی، دھاتی تاراستعمال نہ ہونے کی وجہ سے ٹرانسفارمر بھی محفوظ رہے، سیف بسنت کا تصور لاہور کے بعد دوسرے شہروں میں بھی اپنایا جائے گا، لبرٹی اور اندرون شہرسمیت ہر علاقے میں 200 کلینک آن ویل، 21 فیلڈ ہسپتال بھی متعین تھے، آج بسنت فیسٹیول کا آخری دن ہے، عوام احتیاط کا دامن نہ چھوڑیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں