لاہور : پنجاب حکومت نے رمضان المبارک میں 40 لاکھ سے زائد خاندانوں کو امداد فراہم کرنے کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق نگہبان رمضان پروگرام سے متعلق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ رمضان المبارک رحمت اور رحم کا مہینہ ہے، دنیا بھر میں رمضان المبارک عقیدت واحترام سے منایا جاتا ہے، پاکستان میں رمضان کی آمد پر اشیاء کی قیمتیں بڑھا دی جاتی ہیں، ذخیرہ اندوزی اور گراں فروشی کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن ہوگا، رمضان میں پیرافورس کا کام صرف پرائس کنٹرول کا ہوگا، اس حوالے سے پیرا فورس کو ہدایات جاری کردی ہیں، پیرا فورس کے اہلکار پورے پنجاب میں موجود ہوں گے، مہنگی اشیا فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن ہونا چاہیے، پرائس کنٹرول آپریشن پورا رمضان جاری رہے گا، کمشنرز، ڈی سیز، پرائس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ، ستھرا پنجاب کو اپنا حصہ ڈالنا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ رمضان میں لائنوں میں لگا کر لوگوں کو راشن دیا جاتا ہے، کوشش ہے اس بار رمضان میں مستحق لوگوں کو خود چل کر حکومت کے پاس نہ آنا پڑے، تقریباً 40 لاکھ سے زائد خاندانوں کو رمضان نگہبان کارڈ دیئے جا رہے ہیں، اب تک 4 لاکھ رمضان نگہبان کارڈ تقسیم کئے جا چکے ہیں، رمضان نگہبان کارڈ مستحق خاندانوں کی دہلیز تک پہنچایا جا رہا ہے جس سے 10 ہزار روپے کا راشن خریدا جا سکتا ہے، کارڈ کی ایکٹیویشن کی ضرورت نہیں، 9 ہزار 200 اے ٹی ایم مشینوں سے کیش نکلوایا جا سکتا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ کوئی کریانہ سٹوروالا اضافی پیسے مانگے تو فوراً شکایت درج کروائیں، پنجاب پولیس آپ کی شکایت پر فوراً ایکشن میں آئے گی، یہ 10 ہزار روپے آپ کی امانت ہیں، سہولت بازاروں میں بھی کارڈ کے استعمال کی سہولت ہے، مسیحی بہن بھائیوں کے روزے بھی ہمارے ساتھ شروع ہو رہے ہیں، مسیحی کمیونٹی کو بھی 10 ہزار روپے دیئے جا رہے ہیں، اس کے علاوہ تمام جگہوں پر سہولت بازار فعال کر دیئے ہیں، جن کی جیب تنگ ہے وہ بھی رمضان سہولت بازاروں سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، مریم نواز نے کہا کہ رمضان میں مخیر حضرات خود سے دسترخوان کا اہتمام کرتے ہیں، تمام ڈسٹرکٹس کی ڈیوٹیاں لگائی ہیں کہ مخیر حضرات کی لسٹ بنائیں، مخیر حضرات کو پنجاب حکومت کی جانب سے سرٹیفکیٹ ملے گا، پنجاب کی 147 تحصیلوں میں 300 دسترخوان مخیر حضرات خود لگائیں گے، مخیرحضرات رمضان المبارک میں پنجاب حکومت کا حصہ بنیں، غریبوں، مساکین کی رمضان میں بڑھ چڑھ کر خدمت کریں۔
پنجاب حکومت کا رمضان المبارک میں 40 لاکھ سے زائد خاندانوں کو امداد فراہم کرنے کا اعلان




