واشنگٹن : عالمی مالیاتی فنڈ ( آئی ایم ایف ) کی ڈائریکٹر کمیونیکیشن جولی کوزیک نے اعتراف کیا ہے کہ پاکستان کی پالیسیوں سے معیشت کو استحکام ملا، اصلاحات سےمعاشی اعتماد میں اضافہ ہوا۔ جولی کوزیک کا واشنگٹن میں پریس بریفنگ میں کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کا وفد 25 فروری سے پاکستان کا دورہ کرے گا۔ ڈائریکٹر کمیونیکیشن جولی کوزیک نے بتایا کہ آئی ایم ایف وفد اس دورے کے دوران توسیعی فنڈ سہولت (EFF) پروگرام کے تحت تیسرے جبکہ ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فیسلٹی (RSF) کے دوسرے جائزے پر بات چیت کرے گا۔
، آئی ایم ایف نے ٹیکس نظام میں سادگی اور شفافیت بڑھانے کی سفارشات کی ہیں، سرکاری خریداری کےنظام میں شفافیت پرزوردیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مالی سال 2025 میں پاکستان کی مالی کارکردگی مضبوط رہی اور ملک نے جی ڈی پی کا 1.3 فیصد بنیادی مالیاتی سرپلس حاصل کیا، جو پروگرام کے اہداف کے مطابق ہے، پاکستان میں مہنگائی کی شرح قابو میں رہی جبکہ مالی سال 2025 میں ملک نے 14 سال بعد پہلی مرتبہ کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس بھی ریکارڈ کیا۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام سے عالمی اداروں کا اعتماد بحال ہوا ہے، گورننس اینڈ کرپشن ڈائگناسٹک رپورٹ حال ہی میں شائع کی گئی، رپورٹ میں اصلاحات کی تجاویز شامل ہیں، ٹیکس پالیسی کو سادہ بنانا اہم ترین ٹیکس اصلاحات ہے۔ اس کے علاوہ سرکاری خریداری میں مساوی مواقع فراہم کرنا اور اثاثہ جات کے گوشواروں میں شفافیت بہتر بنانا بھی اصلاحاتی ایجنڈے کا حصہ ہے۔




