پشین میں سکیورٹی فورسز کا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 5 دہشت گرد ہلاک

راولپنڈی : صوبہ بلوچستان کے ضلع پشین میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات پر آپریشن کرتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ 5 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے پورے تشکیلی گروہ کو مختلف ہتھیاروں سے مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، اس دوران شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک خودکش حملہ آور نے بزدلانہ طور پر خود کو دھماکے سے اڑا لیا، مزید 4 بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج کو ہلاک کر دیا گیا، خوارج کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔
فوج کے ترجمان ادارے کا کہنا ہے کہ یہ عناصر علاقے میں متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں سرگرم رہے تھے، علاقے میں کسی بھی مزید بھارتی سرپرستی یافتہ دہشت گرد کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، سکیورٹی فورسز اور پاکستان کی قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کی جانب سے وفاقی ایپکس کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان سے منظور شدہ وژن عزمِ استحکام کے تحت جاری انسداد دہشت گردی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی تاکہ ملک سے بیرونی سرپرستی یافتہ دہشت گردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے ضلع پشین میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن دہشت گردی کے خلاف قومی عزم کی عکاسی ہے، پیر کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان میں صدرآصف علی زرداری نے کہا کہ دہشتگردی کے عفریت کے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں