کرک:صوبہ خیبرپختونخواہ کئے ضلع کرک میں فتنہ الخوارج ٹی ٹی پی نے فیڈرل کانسٹیبلری کے زخمی اہلکاروں کو لے جانے والی ریسکیو 1122 کی ایمبولینس کو آگ لگا کے ان مریضوں کو زندہ جلا دیا، آگ میں جل کر شہید کیے جانے والے فیڈرل کانسٹیبلری کے تمام اہلکار خیبر پختونخواہ کے مقامی رہائشی تھے، خوارج نے اس واقعے کی پوری فلم بندی کر کے اُس کو سوشل میڈیا پر ڈال دیا۔
تفصیلات کے مطابق 23 فروری 2026ء کو کرک کے علاقے قلعہ شہیدان میں فیڈرل کانسٹیبلری کی پوسٹ پر فتنہ الخوارج نے کواڈ کاپٹر سے حملہ کیا، حملے کے بعد ریسکیو 1122 کی دو ایمبولینس زخمیوں کو لینے پوسٹ پر پہنچ گئیں، واپسی پر دونوں ایمبولینسوں پر فتنہ الخوارج نے حملہ کردیا اور ایک ایمبولینس کو آگ لگا کر مریضوں سمیت جلا دیا گیا، آگ لگنے کی وجہ سے ایمبولینس کا ڈرائیور اور ریسکیو 1122 کا ایک اہلکار بھی جھلس گئے، جب کہ دوسری ایمبولینس زخمیوں کو بحفاظت نکالنے میں کامیاب ہوگئی۔
بتایا گیا ہے کہ آگ میں جل کر شہید ہونے والے اہلکاروں میں فیڈرل کانسٹیبلری کے سپاہی مراد گل، سپاہی ایان خان اور لانس نائیک عادل خان شامل ہیں، سپاہی مراد گل شہید اور سپاہی ایان خان شہید کا تعلق خیبرپختونخواہ کے ضلع ہنگو سے تھا، لانس نائیک عادل خان شہید کا تعلق خیبرپختونخواہ کے ضلع مانسہرہ سے تھا، دیگر زخمیوں میں حوالدار صابر ولد حکیم شاہ، محمد یوسف ولد شربت خان، حنیف ولد گل زرین اور ایمبولینس ڈرائیور احمد حسین شامل ہیں جو سارے خیبرپختونخواہ کے مقامی پختون ہیں جنہیں علاج کے لیے بنوں اور کرک کے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام میں جنگ کے دوران بھی زخمیوں پر حملہ کرنا اور انہیں نقصان پہنچانا حرام ہے، فتنہ الخوارج نے مقامی پختونوں کو نشانہ بنا کر ایک بار پھر واضح کر دیا ہے کہ ان عناصر کا دین اسلام سے کوئی تعلق نہیں اور ان کا انسانیت اور مذہب سے کچھ لینا دینا نہیں کیوں کہ بے گناہوں اور زخمیوں کو نشانہ بنانا ظلم اور کھلی بربریت ہے جس کی اسلام میں کوئی اجازت نہیں۔
سکیورٹی ذرائع کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اس طرح کی بربریت سے خوارجین کا ایک ہی مقصد ہے کہ عوام میں خوف و دہشت پھیلائی جا سکے، رمضان کے مقدس مہینے میں خوارج کی جانب سے ایک سافٹ ٹارگٹ کو چنا جانا اور زخمیوں کے ساتھ ظلم ایک کھلی بربریت اور اسلام کے منافی عمل ہے، ان جوانوں کا لہو رائیگاں نہیں جائے گا، آخری خوارجی کے خاتمے تک فتنہ الخوارج کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔
فتنہ الخوارج نے زخمی اہلکاروں کو لیکر جانیوالی ایمبولینس کو آگ لگا دی، تمام اہلکار جل کر شہید




