اٹلی کا پاکستانی ہنرمندوں کیلئے ساڑھے 10 ہزار ویزے جاری کرنے کا اعلان

روم : پاکستانی ہنرمندوں کیلئے اٹلی نے ساڑھے 10 ہزار ویزوں کا اجراء اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے روم میں اطالوی ہم منصب میٹیو پینٹے ڈوسی سے ملاقات کی جس میں داخلی سکیورٹی تعلقات اور غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا گیا، اس ملاقات میں باہمی سکیورٹی، منشیات کی روک تھام اور دہشت گردی کے خلاف تعاون پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔
ملاقات کے دوران فیصلہ ہوا کہ پاکستانی سفارتی پاسپورٹ رکھنے والے افراد کو اب اٹلی کے ویزے سے استثنیٰ حاصل ہوگا یعنی وہ بغیر ویزہ اٹلی کا سفر کر سکیں گے، یہ اقدام وزیر داخلہ محسن نقوی کی جانب سے کچھ عرصہ قبل کی گئی تجویز کی روشنی میں اٹھایا گیا، اس موقع پر اطالوی وزیر داخلہ نے اعلان کیا کہ اٹلی قانونی ہجرت کے عمل کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کے ساڑھے 10 ہزار ہنرمند ورکرز کو ویزے فراہم کرے گا، جس سے دونوں ممالک کے درمیان افرادی قوت کے تبادلے میں تیزی آئے گی۔
بتایا گیا ہے کہ ملاقات میں دونوں وزرائے داخلہ نے انسانی سمگلنگ اور غیر قانونی امیگریشن کو روکنے کے لیے کیے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ مستقبل میں ان جرائم کے خلاف مشترکہ حکمت عملی اپنائی جائے گی، محسن نقوی نے اطالوی حکام کو بتایا کہ پاکستان نے اپنے ہوائی اڈوں اور سمندری سرحدوں پر نگرانی کے نظام کو انتہائی سخت کردیا ہے، جس کی وجہ سے غیر قانونی طور پر بیرون ملک جانے والوں کی تعداد میں نمایاں کمی آئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں