پاکستان سٹاک مارکیٹ کریش، انڈیکس میں 15 ہزار پوائنٹس کمی پر ٹریڈنگ بند کردی گئی

کراچی: پاکستان سٹاک مارکیٹ کریش کرگئی جس کے باعث انڈیکس میں 15 ہزار پوائنٹ کی کمی پر ٹریڈنگ بند کردی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکہ اور اسرائیل کی ایران سے جنگ کے منفی اثرات پاکستان سٹاک مارکیٹ پر بھی دیکھے جارہے ہیں جہاں پی ایس ایکس میں شدید مندی کے بعد ٹریڈنگ عارضی طور پر بند کر دی گئی کیوں کہ کاروباری ہفتے کے پہلے روز ہی کاروبار کے آغاز پر سٹاک ایکسچینج میں زبردست مندی دیکھنے میں آئی، 15 ہزار سے زائد پوائنٹس کی کمی کے ساتھ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 52 ہزار 991 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا۔
بتایا گیا ہے کہ کاروبار میں بڑی گراوٹ کے ساتھ ہی سٹاک ایکسچینج میں ٹریڈنگ عارضی طور پر بند کر دی گئی کیوں کہ آج مارکیٹ کھلتے ہی پاکستان سٹاک مارکیٹ منفی پوائنٹس میں گئی، شیئرز کی فروخت کا رجحان بڑھتا گیا، جس کی وجہ سے کچھ دیر کاروبار ہونے کے بعد ہی ٹریڈ معطل کرنا پڑ گئی جب کہ گزشتہ کاروباری ہفتے کے آخری روز سٹاک ایکسچینج میں ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 68 ہزار 62 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔
اس حوالے سے پاکستان سٹاک ایکسچینج کے سی ای او فرخ سبزواری کا کہنا ہے کہ مارکیٹ جنوری میں اپنی بلند ترین سطح سے نیچے آئی ہے، شرح سود میں کمی اور سیاسی صورتحال مارکیٹ پر اثرانداز ہو رہی ہیں، ریکوڈک کی صورتحال اور کمپنیوں کے مالی نتائج بھی مارکیٹ کی سمت پر اثر ڈال رہے ہیں، جس کی وجہ سے مارکیٹ اب جنوری میں اپنی بلند ترین سطح سے نیچے آچکی ہے، ایران اور امریکہ کے درمیان موجودہ صورتحال کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں کیا رخ اختیار کریں گی، فی الحال یہ بھی ایک معمہ ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں