آپریشن غضب للحق؛ ژوب سیکٹر میں طالبان پوسٹیں چھوڑ کر فرار، ہیوی گرینیڈ لانچرز برآمد

راولپنڈی: پاکستان کی طرف سے جاری آپریشن غضب للحق کے دوران ژوب سیکٹر میں طالبان پوسٹیں چھوڑ کر فرار ہوگئے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن غضب للحق کے دوران افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کیخلاف پاک افواج کی مؤثر جوابی کارروائیاں جاری ہیں جہاں پاک فوج نے پاکستان اور افغانستان کی سرحد پر ژوب سیکٹر میں افغان طالبان کی پوسٹ نمبر 2 اور 3 کو نشانہ بنایا، پاک فوج کی بروقت اور بھرپور کارروائی سے بزدل افغان طالبان پوسٹیں اور اسلحہ چھوڑ کر فرار ہوگئے۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج نے افغان طالبان کے زیرِ قبضہ پوزیشنوں سے روسی ساختہ 73 ملی میٹر HGL9 ہیوی گرینیڈ لانچرز قبضے میں لے لیے، پاک فوج کی طاقتور جوابی کارروائیاں بھارتی پراکسی افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کو بھاگنے پر مجبور کر رہی ہیں، آپریشن غضب للحق جاری ہے اور اپنے اہداف کے حصول تک جاری رہے گا۔
سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ پاک فوج کی جانب سے سرحدی باڑ کی حفاظت اور دراندازی روکنے کیلئے بھی کارروائیاں جاری ہیں، اسی دوران پاک افغان بارڈر پر چمن سیکٹر سے ملحقہ سرحدی علاقے میں 3 سے 4 خوارج پر مشتمل تشکیل کی دراندازی کو ناکام بنا دیا گیا جہاں پاک فوج نے باڑ کاٹنے والے خوارج کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا، بروقت کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک خارجی دہشتگرد ہلاک جبکہ دیگر زخمی حالت میں فرار ہوگئے، خارجی دہشت گردوں سے تیار شدہ 4 سے 5 آئی ای ڈیز اور باڑ کاٹنے کا سامان بھی برآمد ہوا، پاک فوج کی منظم کارروائی سے دہشت گردوں کے منصوبے خاک میں مل گئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں