پیٹرول کے بعد ایل پی جی کے 4 جہاز بھی پاکستان پہنچ گئے

کراچی : پیٹرول کے بعد ایل پی جی کے 4 جہاز بھی پاکستان پہنچ چکے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدہ صورتحال کے دوران قلت سے بچنے کے لیے حکومت کی جانب سے خریدے گئے پیٹرول کے بعد ایل پی جی کے 4 بحری جہاز بھی پورٹ قاسم پر لنگر انداز ہوگئے، پورٹ قاسم پر ایریز نامی جہاز کے ذریعے 11 ہزار میٹرک ٹن، اٹلانٹک اور ایک مزید جہاز کے ذریعے 12، 12 ہزار میٹرک ٹن گیس پہنچی ہے، الس واٹر نامی جہاز 3 ہزار 700 ٹن اور ایم ڈی 23 نامی جہاز 3 ہزار 500 ٹن ایل پی جی لے کر پورٹ قاسم پہنچا ہے۔
ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عرفان کھوکھر نے بتایا ہے کہ ملک میں ایل پی جی کے وافر ذخائر دستیاب ہیں اسی دوران پورٹ قاسم پر ایل پی جی کے 4 بڑے بحری جہاز بھی لنگر انداز ہوئے ہیں، ملک میں اس وقت ایل پی جی کی مقررہ سرکاری قیمت 225 روپے فی کلو ہے لیکن گیس مافیا امریکہ ایران کشیدگی اور عالمی قیمتوں میں اضافے کو جواز بنا کر عوام سے 350 سے 400 روپے فی کلو وصول کر رہا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال سے عالمی مارکیٹ میں ایل پی جی کی قیمت میں 200 ڈالر فی ٹن اضافہ ہوا ہے اور آبنائے ہرمز کی بندش سے کرائے بھی بڑھ گئے ہیں، تاہم پاکستان پہنچنے والے نئے کنسائمنٹس کی آمد سے آنے والے دنوں میں ملک میں ایل پی جی کی قیمتوں میں واضح کمی واقع ہوگی۔ اس سے پہلے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے فوری بعد پورٹ قاسم پر پیٹرول سے لدے جہاز پہنچے گئے، مجموعی طور پر تقریباً 25 کروڑ لیٹر پیٹرول سے لدے ہوئے 4 جہاز پورٹ قاسم پہنچے، ان میں سے ایک جہاز سے37 ہزار ٹن پیٹرول کی منتقلی مکمل کرلی گئی جب کہ ایک اور جہاز سے 50 ہزار ٹن پیٹرول کی ترسیل کا عمل جاری ہے، 55 ہزار ٹن پیٹرول لے کر آنے والا ایک اور جہاز 12 مارچ کو پورٹ قاسم پر لنگر انداز ہوگا، اس کے علاوہ ایک اور جہاز 13 مارچ کو پہنچے گا جو تقریباً 34 ہزار ٹن پیٹرول اتارے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں