بجلی 1 روپیہ 64 پیسے فی یونٹ مزید مہنگی ہونے کا امکان

اسلام آباد :ملک میں بجلی 1 روپیہ 64 پیسے فی یونٹ مزید مہنگی ہونے کا امکان ہے، جس سے صارفین پر 14 ارب روپے سے زائد کا اضافی بوجھ پڑے گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی میں فروری کے لیے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی درخواست دائر کر دی ہے، جس کی منظوری کی صورت میں فروری کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمتوں میں 1 روپے 64 پیسے فی یونٹ اضافے کا امکان ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ فروری کے مہینے میں مجموعی طور پر 7 ارب 69 کروڑ 60 لاکھ یونٹس بجلی پیدا کی گئی، بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو 7 ارب 42 کروڑ 70 لاکھ یونٹس فراہم کیے گئے، فروری کے لیے بجلی کی ریفرنس لاگت 6 روپے 73 پیسے فی یونٹ مقرر تھی لیکن اصل پیداواری لاگت 8 روپے 15 پیسے رہی اور ڈسکوز کو فراہم کی جانے والی بجلی کی حتمی لاگت 8 روپے 37 پیسے فی یونٹ تک جا پہنچی۔
بتایا جارہا ہے کہ نیپرا اتھارٹی سی پی پی اے کی اس درخواست پر 31 مارچ کو باقاعدہ سماعت کرے گی، سماعت کے دوران اس بات کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا کہ عالمی مارکیٹ میں ایندھن کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے تناظر میں صارفین سے کتنا اضافی چارج وصول کیا جائے، اگر نیپرا نے اس اضافے کی منظوری دے دی تو اپریل کے بجلی کے بلوں میں صارفین کو 14 ارب روپے سے زائد کی اضافی ادائیگیاں کرنا ہوں گی جس سے پہلے سے مہنگائی کے ستائے ہوئے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں