راولپنڈی:راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں سابق وزیراعظم عمران خان کی متاثرہ آنکھ کا چیک اپ ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی موجودگی میں کیا گیا۔ جیو نیوز کے مطابق جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف کمشنر اسلام آباد کی طرف سے تشکیل دیئے جانے والے 5 رکنی ڈاکٹرز کے میڈیکل بورڈ نے اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کی متاثرہ آنکھ کا فالو اپ معائنہ کیا، عمران خان کے طبی معائنے کے دوران ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی بھی موجود تھیں، دو گھنٹے طویل چیک اپ کے بعد ڈاکٹروں کی ٹیم جیل سے واپس روانہ ہوگئی۔
اڈیالہ جیل حکام کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ 5 ڈاکٹروں پر مشتمل ٹیم کی جانب سے عمران خان کی آنکھوں کا مکمل طبی معائنہ کیا گیا، میڈیکل ٹیم میں ماہرین امراض چشم پروفیسر ندیم قریشی، ڈاکٹر عارف خان، پروفیسر الطاف حسین، پروفیسر اختر علی بندیشہ اور ڈاکٹر علی عارف شامل تھے، مذکورہ ڈاکٹرز کے ساتھ ان کا طبی عملہ بھی موجود تھا اور جدید آلات سے لیس ایک سرکاری ایمبولینس بھی اڈیالہ جیل پہنچائی گئی۔
رپورٹ سے معلوم ہوا ہے کہ ماہر ڈاکٹروں نے خاص طور پر بانی پی ٹی آئی کی متاثرہ آنکھ کا فالو اپ چیک کیا، جس کا دو مرتبہ پمز ہسپتال میں علاج ہوا ہے، اسی سلسلے میں اب عمران خان کی متاثرہ آنکھ میں تیسرا انجیکشن بھی لگنا ہے لہٰذا تیسرا انجیکشن لگانے سے قبل ڈاکٹرز ان کی آنکھ میں پیشرفت کا جائزہ لینا چاہتے تھے جس مقصد کے لیے میڈیکل بورڈ اڈیالہ جیل پہنچا جہاں ڈاکٹروں نے سابق وزیراعظم کی آنکھ کا معائنہ کیا۔
جیل میں بشریٰ بی بی کی موجودگی میں عمران خان کی متاثرہ آنکھ کا چیک اپ




