راولپنڈی : پاکستان کے سابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل ریٹائرڈ عبدالوحید کاکڑ 89 برس کی عمر میں راولپنڈی میں انتقال کرگئے۔ مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور پاک فوج کے تمام رینکس نے سابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل ریٹائرڈ عبدالوحید کاکڑ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ مرحوم جنرل ریٹائرڈ عبدالوحید کاکڑ پاکستان کے 5ویں آرمی چیف تھے اور انہوں نے 12 جنوری 1993ء سے 12 جنوری 1996ء تک اپنے منصب پر نہایت تدبر سے فرائض سر انجام دیئے، وہ اپنے پورے ملٹری کیریئر کے دوران ایک شاندار، انتہائی دیانت دار، باضمیر اور اعلیٰ پایے کے فرض شناس فوجی کمانڈر مانے جاتے تھے۔
اس موقع پر معروف سینئر صحافی اور اینکر پرسن حامد میر نے بھی اپنے تعزیتی پیغام میں مرحوم آرمی چیف کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا، انہوں نے بتایا ہے کہ جنرل ریٹائرڈ عبدالوحید کاکڑ ایک عظیم سپاہی تھے جنہیں ان کی ریٹائرمنٹ سے چند ہفتے قبل ہی مدتِ ملازمت میں توسیع کی پیشکش کی گئی تھی، تاہم انہوں نے اصول پسندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسے انتہائی شائستگی کے ساتھ مسترد کر دیا تھا۔
حامد میر نے مزید یاد دہانی کرائی کہ جنرل ریٹائرڈ کاکڑ نے اپنے دورِ اقتدار میں ان تمام عسکری افسران کے خلاف بلا امتیاز سخت قانونی و انتظامی کارروائی کی جو کسی بھی نوعیت کی سیاست میں مداخلت کر رہے تھے، اور وہ بلاشبہ پاکستان آرمی کا حقیقی فخر اور سرمایہ تھے، جنرل ریٹائرڈ عبدالوحید کاکڑ کا شمار پاکستان کی عسکری تاریخ کے ان چند ممتاز ترین سالاروں میں ہوتا ہے جن کی پیشہ ورانہ مہارت، بے داغ کیریئر اور اصول پرستی کی مثال دی جاتی ہے۔
سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ عبدالوحید کاکڑ انتقال کرگئے




