راولپنڈی: شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں مساجد کے اندر چھپایا گیا فتنۃ الخوارج کا بارودی مواد اور اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی کے جنوبی اطراف میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج کے دہشت گردوں کے 2 ٹھکانے ختم کردیے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ آپریشن 8 نومبر 2026 کو گاؤں موزک میں کیا گیا، جہاں کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے زیر استعمال 2 ٹھکانوں کو کلیئر کیا گیا، جو مساجد میں قائم کیے گئے تھے۔
ان مقامات سے بڑی تعداد میں تیار شدہ دیسی ساختہ دھماکا خیز آلات (آئی ای ڈیز)، دھماکا خیز مواد تیار کرنے کا سامان، اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق دہشت گرد دھماکا خیز مواد ذخیرہ کرنے کے لیے جان بوجھ کر مساجد کو اپنے ٹھکانوں کے طور پر استعمال کررہے تھے۔ ان مقامات پر تشدد کے مراکز بھی قائم کیے گئے تھے، جہاں لوگوں کو تشدد کا نشانہ بنایا جاتا تھا۔
آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج کی جانب سے عبادت گاہوں کی اس طرح بے حرمتی اسلام کی بنیادی تعلیمات سے ان کی مکمل لاتعلقی کا ایک اور واضح ثبوت ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ افغان طالبان کی مدد سے سرگرم یہ خوارج دہشت گرد اسلام سے کوئی تعلق نہیں رکھتے۔ مذہب کی گمراہ کن تشریح اور اسے اپنے مقاصد کے لیے استعمال کرنے کے عمل کو خیبر پختونخوا اور پاکستان کے عوام مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں بھارتی سرپرستی میں قائم دہشت گردوں کے مزید ٹھکانوں کا سراغ لگانے اور انہیں ختم کرنے کے لیے پاک فوج کے بہادر جوانوں کا کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
ترجمان پاک فوج نے واضح کیا ہے کہ وفاقی ایپکس کمیٹی کی جانب سے منظور شدہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت وژن عزمِ استحکام کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسداد دہشت گردی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی، جس کا مقصد ملک سے بیرونی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہے۔




