انٹرنیشنل کرکٹ ٹیمیں پاکستان کادورہ کریں :ایان چیپل

آسٹریلین ٹیم کو عملی قدم اٹھانا ہوگا اور20سالہ بائیکاٹ ختم کر کے پاکستان جانا چاہئے

سابق آسٹریلین کپتان ایان چیپل نے عالمی کرکٹ کے تمام ممالک سے پاکستان کا دورہ کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا ہے کہ حالات اب یکسر تبدیل ہو چکے ہیں ورنہ کوئی تصور بھی نہیں کر سکتا تھا کہ مغربی دنیا کے محفوظ ترین ملک نیوزی لینڈ میں بھی دہشت گردی کا کوئی واقعہ رونما ہو سکتا ہے جہاں بنگلہ دیشی ٹیم بھی قریب ہی موجود تھی لہٰذا وقت آچکا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ ٹیمیں اب پاکستان واپسی کے بارے میں سوچنا شروع کردیں۔ان کا کہنا تھا کہ دنیا کا اس وقت جو حال ہے اس کے تحت تو ممکن ہے کہ کوئی ٹیم کہیں بھی جانا چھوڑ دے ۔ایان چیپل کا کہنا تھا کہ پاکستان کھیل کی اسی انداز سے بحالی کیلئے بے چین ہے جیسے کہ ماضی میں وہاں کرکٹ کھیلی جاتی تھی اور سب سے اہم بات یہ ہے کہ اگر بچے اور نوجوان اپنے ہیروز کو فیلڈ میں کھیلتے ہوئے دیکھ ہی نہیں سکیں گے تو اس سے پاکستان میں کھیل کی کوئی مدد نہیں ہو سکے گی۔ اس بات کا احساس ان پاکستانیوں کو دیکھ کر ہوا ہے جو اپنے کام بلاخوف اور معمول کے مطابق انجام دے رہے ہیں اور اب پاکستان جانے یا نہ جانے کی بحث ختم کر کے آسٹریلین ٹیم کو عملی قدم اٹھانا ہوگا جسے بیس سالہ بائیکاٹ ختم کر کے پاکستان جانا چاہئے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں