لندن : پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کے بیٹوں قاسم اور سلیمان نے والد سے ملاقات کیلئے پاکستان آنے کا اعلان کردیا، قاسم کہتے ہیں کہ میں نے اور سلیمان نے ویزہ کے لیے درخواست دے دی ہے، ہم دونوں جنوری میں پاکستان کا دورہ کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔ برطانوی نشریاتی ادارے سکائی نیوز کو انٹرویو کے دوران جب قاسم اور سلیمان سے سوال ہوا کہ ’کیا آپ نے عمران سے ملنے کی اجازت کے لیے پاکستانی حکومت سے بات کرنے کی کوشش کی؟‘ اس پر قاسم نے جواب دیا ’کہ اب ہم منصوبہ بنا رہے ہیں کیوں کہ انہوں نے کھل کر کہا ہے کہ ہم مل سکتے ہیں تو لہٰذا جب تک وہ اپنی بات پر قائم ہیں تو ہمیں امید ہے جنوری میں جانا چاہیئے، اسی لیے ہم نے اپنے ویزوں کے لیے درخواست دے دی ہے، ویزے ابھی تک نہیں آئے، ہم توقع کر رہے ہیں یہ پروسس مکمل ہو جائے گا، اس لیے ہم جنوری میں جانے کا منصوبہ بنا رہے ہیں‘۔
ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے قاسم نے کہا کہ ’جو بات آپ کو سمجھنی چاہیئے وہ ان کی زندگی ہے، یہ واقعی میں ان کا جذبہ اور ان کا مقصد ہے کیوں کہ عمران خان اسے اپنی زندگی کا مقصد کہتے ہیں کہ پاکستان کو بدعنوانی سے نجات دلائیں، اس لیے اگر وہ ابھی ڈیل کرکے ہمارے پاس آئے اور انگلینڈ میں رہیں تو میں جانتا ہوں کہ ان کو یہ تکلیف ہوگی کہ انہوں نے اپنا ملک برباد ہونے کے لیے چھوڑ دیا، میں جانتا ہوں وہ ڈپریشن میں چلے جائیں گے، ورنہ ہم تو چاہیں گے کہ ہمارے والد ہمارے تمام کرکٹ اور فٹ بال میچ یہاں دیکھیں ان کا ایک مقصد ہے جو ان چیزوں سے کہیں بڑا ہے، لہذا آپ صرف اس کا احترام کرسکتے ہیں‘۔
سابق وزیرِ اعظم کے بیٹوں قاسم خان اور سلیمان خان کا کہنا ہے کہ ’ہمارے والد کو جن حالات میں جیل میں رکھا گیا ہے کہ وہ انتہائی شرمناک ہے، انہیں پینے کے لیے گندا پانی دیا جاتا ہے جب کہ کھانے کا معیار بھی انتہائی خراب ہے، عمران خان کو اپنے ذاتی معالج تک رسائی حاصل نہیں، انہیں اس کوٹھری میں رکھا گیا ہے جس میں سزائے موت کے قیدیوں کو رکھا جاتا ہے، اِن چھوٹی چھوٹی کوٹھریوں میں بمشکل دن کی روشنی آتی ہے اور اکثر بجلی بھی کاٹ دی جاتی ہے‘۔
’عمران خان کو ڈیتھ سیل میں رکھا گیا ہے‘ بیٹوں کا والد سے ملاقات کیلئے پاکستان آنے کا اعلان




