اگر ایران اور امریکہ رضامند ہوں تو مذاکرات کی میزبانی کیلئے تیار ہیں، دفتر خارجہ

اسلام آباد : پاکستان کے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ اگر ایران اور امریکہ رضامند ہوں تو مذاکرات کی میزبانی کیلئے تیار ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی کے مطابق اگر فریقین آمادہ ہوں تو پاکستان مذاکرات کی میزبانی کے لیے ہر وقت تیار ہے کیوں کہ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کے لیے مثبت کردار ادا کرنے کا خواہاں ہے، پاکستان نے ہمیشہ تنازعات کے حل کے لیے مسلسل بات چیت و سفارتکاری کی وکالت کی ہے اور یہی مؤقف اب بھی برقرار ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے ہر ممکن کوشش جاری رکھے گا، پاکستان، ترکیہ اور مصر کی جانب سے سفارتی سطح پر کوششیں اس بات کی عکاسی کرتی ہیں کہ خطے کے اہم ممالک امریکہ اور ایران کے درمیان تناؤ کم کرنے کے لیے سنجیدہ ہیں اور مذاکرات کے ذریعے حل چاہتے ہیں۔
قبل ازیں برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز نے رپورٹ کیا تھا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات اسی ہفتے اسلام آباد میں ہونے کا امکان ہے، مذاکرات میں ایران کی نمائندگی ایران کی مجلسِ شورائے اسلامی کے سپیکر ڈاکٹر محمد باقر قالیباف کریں گے اور امریکہ کی طرف سے اسٹیو وٹکوف، جیرڈ کشنر اور ممکنہ طور پر جے ڈی وینس ان مزاکرات میں شریک ہوں گے۔

اس معاملے پر ایران کا مؤقف ہے کہ اگرچہ سفارتی کوششیں جاری ہیں تاہم اب بھی متعدد اہم معاملات حل طلب ہیں، جن میں سر فہرست یہ مطالبہ شامل ہے کہ امریکہ اس جنگ کو ایران کے خلاف جارحیت تسلیم کرے اور ہونے والے نقصانات کا ازالہ کرے، ایران نے کسی بھی ممکنہ امریکی مہم جوئی کی صورت میں آبنائے ہرمز کو بند کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں