پاکستان تنازعات کے مذاکراتی حل کیلئے اپنی بھرپور کوششیں جاری رکھے گا، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پوری امید ہے ایران امریکہ مذاکرات کے دوسرے دور میں امن ڈیل میں کامیاب ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں انہوں نے ایران کے ساتھ جنگ بندی میں توسیع کی درخواست قبول کرنے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے اظہار تشکر کیا، شہباز شریف نے کہا کہ اپنی اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی طرف سے جنگ بندی میں توسیع کی درخواست قبول کرنے پر صدر ٹرمپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
ان کا کہنا ہے کہ پاکستان تنازعات کے مذاکراتی حل کیلئے اپنی بھرپور کوششیں جاری رکھے گا، پوری امید ہے کہ فریقین جنگ بندی کی پاسداری جاری رکھیں گے اور پوری امید ہے فریقین تنازع کے مستقل خاتمے کیلئے اسلام آباد میں مذاکرات کے دوسرے دور میں جامع امن ڈیل کو انجام دینے میں کامیاب ہوں گے۔
بتایا جارہا ہے کہ پاکستان کی کامیاب سفارتکاری کے باعث امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جنگ بندی میں توسیع کا اعلان کر دیا، تاہم انہوں نے آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی درخواست پر ایران کے خلاف حملہ فی الحال مؤخر کیا جا رہا ہے تاکہ ایرانی قیادت اور نمائندے متفقہ تجویز پیش کرسکیں۔

ان کا کہنا ہے کہ جنگ بندی میں اس وقت تک توسیع برقرار رہے گی جب تک ایران کی جانب سے تجویز پیش نہیں کی جاتی اور مذاکرات کسی نتیجے پر نہیں پہنچ جاتے، امریکی فوج کو ہدایت دی ہے کہ ایران کے خلاف ناکہ بندی جاری رکھی جائے اور دیگر تمام معاملات میں مکمل طور پر تیار رہا جائے، ایران کی حکومت اندرونی طور پر شدید تقسیم کا شکار ہے جو کہ غیر متوقع نہیں، امریکہ نے آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر بند کر دیا ہے اور ایران دراصل اسے کھولنا چاہتا ہے تاکہ یومیہ کروڑوں ڈالر کی آمدنی دوبارہ حاصل کی جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں