اسلام آباد : وزارتِ اطلاعات و نشریات نے تصدیق کی ہے کہ سکیورٹی فورسز نے جاری آپریشن غضب لِلحق کے تحت سرحد پار افغانستان میں دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں اور ٹھکانوں پر انتہائی کامیاب فضائی کارروائی کرتے ہوئے 22 خوارج کو ہلاک کردیا۔
وزارتِ اطلاعات و نشریات کے بیان کے مطابق مصدقہ انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر افغانستان کے اندر دو مختلف مقامات پر فتنۃ الخوارج ٹی ٹی پی اور فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کے اہم ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا، اس مؤثر فضائی کارروائی میں 22 خطرناک دہشت گرد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے، جن کی پناہ گاہوں میں موجود بھاری مقدار میں جدید اسلحہ، بارود اور ذخائر مکمل طور پر تباہ کردیئے گئے۔
وزارت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی آپریشن غضب لِلحق اور عزمِ استحکام کے وژن کے تحت کی گئی، جس کا بنیادی مقصد سرحد پار سے پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کا خاتمہ ہے، افغان سرزمین کا پاکستان کے خلاف دہشت گردی کا مرکز بنے رہنا ہمارے لیے شدید تشویش ناک ہے اور پاکستان کو مسلسل دہشت گردی کا خطرہ افغانستان سے ہی لاحق ہے، کارروائی کے دوران عام شہریوں کے تحفظ کو ہر ممکن حد تک یقینی بنایا گیا تاکہ کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان نہ ہو۔
وزارتِ اطلاعات نے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے شہریوں کی سلامتی اور ملکی سرحدوں کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے، غیرملکی سرپرستی اور معاونت سے پروان چڑھنے والی اس دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشن غضب لِلحق پوری طاقت اور رفتار کے ساتھ جاری رہے گا، سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے وطنِ عزیز سے اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہیں۔




