اسلام آباد : اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے رکن ممالک نے ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدہ تنازعے میں پاکستان کی جانب سے کی جانے والی ثالثی کی کوششوں کی بھرپور حمایت کی ہے اور مفاہمت کی یادداشت میں پاکستان کے کلیدی و فعال کردار کی پرزور تعریف کی گئی ہے، علاقائی اشتراک کے فروغ کیلئے اقتصادی تعاون کے اسٹریٹجک اہداف کی منظوری دے دی گئی، پاکستان 2027ء میں ای سی او کے 19ویں سربراہی اجلاس کی میزبانی کرے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ای سی او وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے بعد جاری ہونے والے باضابطہ اعلامیے میں خطے کے موجودہ پیچیدہ جیو پولیٹیکل ماحول پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا، اجلاس کے شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ کشیدہ حالات کے تناظر میں تمام فریقین کے لیے تحمل کا مظاہرہ کرنا، باہمی مکالمے کو فروغ دینا اور سفارتی روابط کو تیز کرنا ناگزیر ہو چکا ہے۔
اجلاس میں علاقائی تعاون کو مزید مستحکم کرنے اور جامع اقتصادی نمو کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا، اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ شرکاء نے پائیدار صنعتی ترقی کی تزویراتی اہمیت پر بھی کھل کر روشنی ڈالی گئی، اور رکن ممالک کے درمیان سائنسی، تعلیمی، تکنیکی اور صنعتی شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا گیا تاکہ خطے کے ممالک جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہو سکیں۔
ای سی او اعلامیے میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ خطے میں محفوظ اور قابل اعتماد مصنوعی ذہانت کو فروغ دیا جائے گا، اس کے ساتھ ساتھ بلاک چین، کوانٹم کمپیوٹنگ، فائیو جی اور روبوٹکس جیسی جدید ترین ٹیکنالوجیز سے بھرپور فائدہ اٹھانے پر اتفاق کیا گیا، تاہم اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ ان جدید ٹیکنالوجیز سے وابستہ ممکنہ خطرات اور ان کے بروقت تدارک کی ضرورت کو بھی ہمیشہ مدنظر رکھا جائے۔
خطے میں امن، سلامتی اور ترقیاتی امور پر بات کرتے ہوئے اعلامیے میں کہا گیا کہ منشیات کی اسمگلنگ اور سرحد پار منظم جرائم کے خلاف مشترکہ و مضبوط علاقائی تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے، اس کے علاوہ سیاحت کو علاقائی انضمام، معاشی ترقی اور ثقافتی روابط کے ایک اہم محرک کے طور پر تسلیم کیا گیا، اجلاس میں اقتصادی تعاون کے اسٹریٹجک اہداف 2035ء کا خیرمقدم کیا گیا اور رکن ممالک نے پائیدار مستقبل کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ای سی او رکن ممالک کی ایران امریکہ تنازعہ میں پاکستان کی ثالثی کی بھرپور حمایت اور تعریف




