اسلام آباد : سٹیٹ بینک آف پاکستان نے متحدہ عرب امارات کے ابوظہبی فنڈ فار ڈویلپمنٹ (ADFD) کو ایک ارب امریکی ڈالر کی مزید رقم واپس کردی، جس کے ساتھ ہی پاکستان نے متحدہ عرب امارات کو ڈپازٹس کی مد میں مزید ایک ارب ڈالر واپس کر دیئے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق ابوظہبی فنڈ فار ڈویلپمنٹ کو مزید ایک ارب ڈالر ادا کردیئے گئے ہیں، اس سے پہلے گزشتہ ہفتے متحدہ عرب امارات کو 2.45 ارب ڈالر کی ادائیگیاں کی گئی تھیں، ایک ارب ڈالر کی مزید ادائیگی کے بعد یو اے ای کو مجموعی 3.45 ارب ڈالر کی واپسی مکمل ہوچکی ہے، قرض ادائیگی سے بیرونی مالی ذمہ داریوں میں کمی ہوئی ہے، پاکستان کی جانب سے بروقت ادائیگی مالی نظم و ضبط کے عزم کا اظہار ہے۔
سٹیٹ بینک سے جاری اعدادوشمار میں بتایا گیا ہے کہ ملک کے زرمبادلہ کے سرکاری ذخائر میں 1.80 کروڑ ڈالر اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد سٹیٹ بینک کے ذخائر 17 اپریل تک بڑھ کر 15 ارب 9 کروڑ 76 لاکھ ڈالر ہوچکے ہیں، کمرشل بینکوں کے ذخائر بھی 8.60 کروڑ ڈالر بڑھ کر 5.53 ارب ڈالر کی سطح پر پہنچ گئے، گزشتہ ہفتے کے دوران ملکی زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر میں 10.40کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوا۔
علاوہ ازیں سٹیٹ بینک آف پاکستان نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان کو سعودی عرب کی وزارت خزانہ کی جانب سے مزید ایک ارب ڈالرز کے فنڈ موصول ہوچکے ہیں، یہ رقم سعودی حکومت کی طرف سے اعلان کردہ 3 ارب ڈالرز ڈپازٹ کی دوسری قسط ہے، سعودی عرب سے 15 اپریل کو 2 ارب ڈالر پہلے ہی موصول ہو چکے ہیں، اس کے ساتھ ہی سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو یقین دہانی کروائی گئی 3 ارب ڈالر ڈپازٹ کی منتقلی مکمل ہوگئی۔ اس حوالے سے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بتایا تھا کہ 3 ارب کی سپورٹ اضافی ڈپازٹس کی صورت میں ادا کی جارہی ہے، اب یہ سالانہ رول اوور کے بجائے 2028ء تک اس کی میچورٹی جائے گی، سعودی حکومت کے شکر گزار ہیں، سعودی ولی عہدمحمد بن سلمان اور سعودی وزیر خزانہ کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
پاکستان نے مزید 1 ارب ڈالر ادا کردیئے، یو اےا ی کے تمام ڈپازٹس کی بروقت واپسی مکمل




