مناسک حج کا آغاز ہوگیا، لاکھوں عازمین کا ’ لبیک اللھم لبیک‘ کی روح پرور صداؤں کے ساتھ منیٰ کا سفر

مکہ مکرمہ : دنیا بھر سے آئے ہوئے لاکھوں عازمین نے لبیک اللھم لبیک کی روح پرور صداؤں کے ساتھ حج کے پہلے بنیادی رکن کا آغاز کرتے ہوئے خیموں کے شہر منیٰ کی طرف سفر شروع کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق دنیا بھر سے آئے ہوئے لاکھوں خوش نصیب عازمینِ حج نے مناسکِ حج کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے، عازمینِ حج مکہ مکرمہ سے احرام باندھ کر جوق در جوق خیموں کے خوبصورت شہر منیٰ کی طرف روانہ ہو رہے ہیں، جہاں کا پورا ماحول اس وقت حجاج کی مناجات اور لبیک اللھم لبیک کی ایمان افروز صداؤں سے گونج رہا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ عازمینِ حج کا منیٰ آمد کا سلسلہ دن بھر جاری رہے گا اور تمام عازمینِ حج آج کی پوری رات منیٰ کے خیموں میں قیام کرتے ہوئے عبادت و استغفار کریں گے، کل بروز منگل 9 ذوالحجہ کو نمازِ فجر کی ادائیگی کے بعد تمام حجاجِ کرام حج کے سب سے اہم اور بنیادی رکنِ اعظم وقوفِ عرفہ کے لیے میدانِ عرفات کی طرف روانہ ہوں گے، وہاں خطبہ حج سننے کے بعد ظہر اور عصر کی نمازیں قصر کرکے ایک ساتھ ادا کی جائیں گی، سورج غروب ہوتے ہی مغرب کی نماز پڑھے بغیر حجاجِ کرام میدانِ عرفات سے مزدلفہ کے لیے روانہ ہوں گے، جہاں مغرب اور عشاء کی نمازیں ایک ساتھ ادا کی جائیں گی اور رات کھلے آسمان تلے گزاری جائے گی۔
بتایا جارہا ہے کہ سعودی محکمہ موسمیات نے عازمینِ حج کے لیے ایک انتہائی اہم ایڈوائزری اور وارننگ جاری کی ہے، حج کے ان ایام کے دوران مکہ مکرمہ اور اس کے اطراف کے مقدس مقامات منیٰ، عرفات، مزدلفہ میں شدید گرمی کی لہر برقرار رہے گی، جس کے دوران پارہ 47 ڈگری تک جا سکتا ہے، مناسکِ حج کے دوران ہوا میں نمی کا تناسب 40 فیصد رہنے کا امکان ہے، جس سے حبس کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے، کھلے اور صحرائی علاقوں میں تیز اور گرد آلود ہوائیں چلنے کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ اس سال بیرونِ ملک سے آنے والے عازمین کی تعداد 15 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے، جن کی اکثریت فضائی راستے سے سعودی عرب پہنچی ہے، تقریباً 30 فیصد حجاج مکہ روٹ انیشی ایٹو کے جدید امیگریشن سسٹم کے تحت براہِ راست اور انتہائی آسانی سے مکہ پہنچے ہیں، جنہیں 47 ڈگری سینٹی گریڈ کی اس جھلسا دینے والی گرمی سے بچانے کے لیے مقدس مقامات پر خصوصی کولنگ فینز، سایہ دار راستے، پانی کے اسپرے اور وسیع پیمانے پر طبی کیمپس کا انتظام کیا گیا ہے تاکہ زائرین سکون کے ساتھ اپنی عبادات مکمل کر سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں