آئی جی پنجاب نے وارڈنز کو بیچ سڑک گاڑیاں روک کر چالان کرنے سے روک دی

لاہور : آئی جی پنجاب عبدالکریم نے سڑکوں پر ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے اور شہریوں کو بلاوجہ کی پریشانی سے بچانے کے لیے صوبے بھر کے ٹریفک وارڈنز کو بیچ سڑک میں گاڑیاں روک کر چالان کرنے سے سختی سے روک دیا۔ تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب عبدالکریم نے صوبے بھر میں ٹریفک مینجمنٹ کو بہتر بنانے اور شہریوں کو درپیش مشکلات کو کم کرنے کے لیے نئی ٹریفک پالیسی کا اعلان کیا ہے، انہوں نے مختلف شہروں سے موصول ہونے والی عوامی شکایات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اب کوئی بھی ٹریفک وارڈن سڑک کے عین بیچ میں گاڑی روک کر چالان کرنے کا عمل شروع نہیں کرے گا۔
آئی جی پنجاب نے صوبے میں ٹریفک کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد اس بات پر شدید تشویش کا اظہار کیا کہ بعض مقامات پر ٹریفک وارڈنز صرف چالان کرنے پر ضرورت سے زیادہ توجہ دے رہے ہیں اور اس چکر میں سڑکوں کے بیچوں بیچ گاڑیاں روک لیتے ہیں، اس عمل کی وجہ سے ناصرف سڑکوں پر بدترین ٹریفک جام دیکھنے کو ملتا ہے بلکہ عام شہریوں کی آمدورفت میں شدید رکاوٹ پیدا ہوتی ہے اور انہیں غیر ضروری ذہنی پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
راؤ عبدالکریم نے پنجاب کے تمام چیف ٹریفک افسران، سرکل افسران اور سیکٹر انچارجز کو ہنگامی ہدایات جاری کی ہیں کہ تمام افسران اپنے ماتحت کام کرنے والے عملے کو اس نئی پالیسی سے فوری طور پر آگاہ کریں اور اس پر سختی سے عملدرآمد کروائیں، ٹریفک وارڈنز کی سب سے پہلی اور بنیادی ذمہ داری سڑکوں پر ٹریفک کے بہاؤ کو برقرار رکھنا اور عوام کو سہولت دینا ہے، نہ کہ ایسی کارروائیاں کرنا جن سے ٹریفک کا پورا نظام ہی معطل ہو جائے۔
آئی جی پنجاب نے خبردار کیا ہے کہ اگر اب کسی بھی علاقے سے بیچ سڑک گاڑی روک کر ٹریفک جام کرنے یا شہریوں کو ہراساں کرنے کی شکایت موصول ہوئی، تو متعلقہ وارڈن اور اہلکار کے خلاف فوری محکمانہ کارروائی کی جائے گی، پنجاب کی ٹریفک انتظامیہ کو ہر صورت شہری دوست بنایا جائے گا تاکہ عوام کو بہترین اور پرسکون سفری سہولیات میسر آ سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں