پنجاب حکومت اس سال ایک لاکھ الیکٹرک بائیکس دے گی، مریم نواز

ساہیوال:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ بجٹ کی مشکلات اور مالی وسائل کی کمی کے باوجود پنجاب حکومت نوجوانوں کے لیے ایک لاکھ الیکٹرک بائیکس فراہم کرنے جا رہی ہے۔ یونیورسٹی آف ساہیوال میں لیپ ٹاپ تقسم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ جب انہوں نے درخواستیں طلب کیں تو اس کی ایک وجہ بجٹ کی مشکلات تھیں، کیونکہ ان کے پاس مالی وسائل محدود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس سال وفاق نے پنجاب سے پیسے لے لیے، تاہم انہوں نے یہ رقم دے دی۔ اب وہ انکار کیسے کر سکتی ہیں؟ وزیراعلیٰ پنجاب نے ایک لاکھ بائیکس کے لیے درخواستوں اور رجسٹریشنز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جب انہوں نے ایک لاکھ بائیکس کے لیے درخواستیں طلب کیں تو بڑی تعداد میں لوگوں نے رجسٹریشن کروائی۔
پنجاب کا خزانہ عوام کا ہے اور انہوں نے صوبے کے خزانے کے دروازے اپنے بیٹوں اور بیٹیوں کے لیے کھول دیے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ رواں سال پہلی مرتبہ پنجاب حکومت ایک لاکھ الیکٹرک بائیکس فراہم کرنے جا رہی ہے۔ اس اقدام کا مقصد نوجوانوں کو سفری سہولت فراہم کرنا اور ان کے لیے مواقع پیدا کرنا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے واضح کیا کہ مالی مشکلات کے باوجود نوجوانوں کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے اور صوبائی وسائل عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کیے جائیں گے۔
مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ بچوں سے کیا گیا وعدہ پورا کرنے کے لیے وہ بارش کے باعث ہیلی کاپٹر کی پرواز منسوخ ہونے کے باوجود سڑک کے راستے روانہ ہوئیں، کیونکہ وہ نہیں چاہتی تھیں کہ بچے ان کا انتظار کرتے رہ جائیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ انہوں نے ہیلی کاپٹر کے ذریعے آنا تھا، لیکن صبح لاہور میں بارش کے باعث پرواز منسوخ ہوگئی، جس پر انہوں نے بذریعہ سڑک سفر کرنے کا فیصلہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے سوچا کہ ایسا نہیں ہوسکتا کہ بچے ان کا انتظار کریں اور وہ نہ پہنچیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں