رحمان بابا ٹرین حادثہ؛ کوچز پٹڑی سے اترکر الٹ گئیں، جاں بحق افراد کی تعداد 6ہوگئی

ملتان: ملتان میں شیر شاہ پل کے قریب کراچی سے پشاور جانے والی رحمان بابا ایکسپریس خوفناک حادثے کا شکار ہوگئی، پوری ٹرین پٹڑی سے اتر گئی جبکہ چند کوچز الٹ گئیں جس کے نتیجے میں اب تک جاں بحق مسافروں کی تعداد 6 ہوگئی اور 30 سے زائد زخمی ہوگئے۔
ترجمان نشتر اسپتال کے مطابق ایک زخمی کی حالت تشویشناک ہے جبکہ 21 مریض زیر علاج ہیں، زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور اضافی عملہ بھی طلب کر لیا گیا۔

کمشنر ملتان کے مطابق ٹرین حادثے میں لاپتا ڈیڑھ سالہ بچی کی تلاش جاری ہے۔ متاثرہ فیملی کے مطابق بچی اپنی والدہ کے ساتھ برتھ پر لیٹی ہوئی تھی، حادثے کے بعد سے تلاش کیا جا رہا ہے۔

حادثہ صبح تقریباً سوا 5 بجے پیش آیا جس کے بعد امدادی اداروں نے فوری کارروائیاں شروع کر دیں۔ ریسکیو حکام کے مطابق زخمیوں کو نشتر اسپتال ملتان منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

حادثے کے بعد ٹرین میں سوار مسافر اپنا سامان لے کر پٹڑیوں کے کنارے بیٹھے دکھائی دیے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ٹرین کراچی سے پشاور جارہی تھی کہ شیر شاہ پل کے قریب پٹڑی سے اتر گئی۔

بعض ذرائع نے حادثے کے وقت ٹرین کی رفتار تیز ہونے کا دعویٰ کیا ہے، تاہم حادثے کی اصل وجہ تاحال سامنے نہیں آئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں