مظفرآباد : حکومت آزاد کشمیر نے 9 جون کو دی گئی احتجاجی کال کے پیش نظر سیاحوں اور دیگر افراد کے لیے سفری ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت نے ملک بھر سے آزاد کشمیر آنے والے سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ 5 جون سے 20 جون تک آزاد کشمیر کا سفر کرنے اور علاقے میں داخل ہونے سے گریز کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ پریشانی یا ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔
جاری کردہ ایڈوائزری کے مطابق احتجاجی سرگرمیوں کے باعث مختلف شاہراہوں اور داخلی و خارجی راستوں پر آمدورفت متاثر ہونے کا خدشہ ہے، جس کے نتیجے میں سیاحوں اور مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ حکومت نے واضح کیا ہے کہ یہ اقدام عوام کی حفاظت اور سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے اٹھایا گیا ہے۔
حکومت آزاد کشمیر نے ان افراد سے بھی درخواست کی ہے جو اس وقت سیاحت، کاروبار یا دیگر مقاصد کے لیے آزاد کشمیر میں موجود ہیں کہ وہ 5 جون کی شام تک علاقے کی حدود چھوڑ دیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد شہریوں اور سیاحوں کو ممکنہ سفری رکاوٹوں اور دیگر مشکلات سے محفوظ رکھنا ہے۔ حکومت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور متعلقہ اداروں کی جانب سے جاری ہدایات پر عمل کریں۔




