امریکا نے ایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی مکمل طور پر ختم کر دی

واشنگٹن:امریکا نے ایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی مکمل طور پر ختم کر دی۔ تفصیلات کے مطابق امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کی جانب سے جاری بیان میں اعلان کیا گیا کہ امریکی افواج نے ایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی مکمل طور پر ہٹا دی، صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ہدایت پر ایرانی بندرگاہوں اور ساحلی علاقوں کی ناکہ بندی ختم کی۔
سینٹ کام نے کہا کہ خلیج عرب اور خلیج عمان میں ایرانی بندرگاہوں تک کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی جا رہی، ایرانی بندرگاہوں پر آنے جانے والے جہازوں کی آمد و رفت میں کوئی رکاوٹ نہیں، معاہدے کی پاسداری کی یقین دہانی تک امریکی جہاز جنرل ایریا میں موجود رہیں گے۔ دوسری جانب صدر ٹرمپ نے ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ امریکا ایران کو تین بلین ڈالر کی ادائیگی نہیں کررہا،300بلین ڈالر ادائیگی کی خبر جعلی اور ڈیموکریٹس کا پروپیگنڈا ہے، امریکا کیلئے معاہدے میں صرف کامیابی ہے۔
معاہدے سے تیل کی قیمتیں کم ہوئیں اور عوام اسٹاک مارکیٹ دیکھیں۔ مزید برآں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ایران کا معاہدہ کرنا امریکا کی جیت ہے، ایران کے ساتھ معاہدہ امریکا اور اس کے عوام کی فتح ہے۔ایران کی ایٹمی ہتھیار بنانے کی صلاحیت ختم کردی گئی ہے، معاہدے میں شامل ہے کہ ایران ایسے ہتھیار یا میزائل نہیں بنائے گا جس سے دنیا کو خطرہ ہو، ایران کے رویے کو دیکھتے ہوئے ان کو ریلیف فراہم کیا جائے گا، معاشی ریلیف کا انحصار ایران کے اپنے رویے پر ہے، ایران کے مشرق وسطیٰ کے ممالک کے ساتھ تعلقات کو دیکھا جائے گا، ایران کی کارکردگی دیکھتے ہوئے پابندیوں میں نرمی ہوتی جائے گی، اسلام آباد مفاہمتی یاداشت ہر لحاظ سے امریکا کے مفاد میں ہے۔
امید ہے کہ اسرائیل اور حزب اللہ معاہدے کا احترام کریں گے، کچھ میڈیا کی جانب سے معاہدے کی شقوں کو غلط انداز میں پیش کیا گیا ہے۔صدر ٹرمپ نے ایران کو کمزور کرکے ان کا رویہ تبدیل کرنے پر مجبور کیا، امریکا ایران معاہدہ خطے کیلئے بہت اچھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران نے دو دنوں میں آبنائے ہرمز میں کسی جہاز کو نشانہ نہیں بنایا، ایران آبنائے ہرمز میں معاہدے کی پاسداری کررہا ہے، گزشتہ رات بحری جہاز 12.5 ملین بیرل تیل لے کر گزرے ہیں، معاہدے کے مطابق 60دنوں کا دورانیہ آج سے شروع ہوا ہے، ایران کے ساتھ مفاہمتی یاداشت پر کانگریس کو بریف کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں