آج پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی کا اعلان کریں گے، شہباز شریف

اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہےکہ ہم نے وعدہ کیا تھا تیل کی قیمتوں میں کمی آئے گی تو اسے قوم کو واپس لوٹائیں گے لہٰذا آج اس میں خاطر خواہ کمی کا اعلان کریں گے۔ قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ آج سے 3 مہینے پہلے جنگ چھڑنے پر تیل کی قیمتوں کو آگ لگ گئی لیکن جنگ بندی کے بعد اب تیل کی قیمتیں تیزی سے نیچے آرہی ہیں، یقیناً اس میں مزید کمی آئے گی، جنگ بندی سے اب خطے میں معاشی خوشحالی آئے گی، تیل کی قیمتیں نیچے آرہی ہیں اور اب وہ سیاہ رات ختم ہونے کو ہے، اس وقت ہمارے وسائل محدود تھے، آج تیل اور پیٹرول کی ہفتہ وار قیمتوں کا اعلان کرنا ہے، آج اس میں خاطر خواہ کمی کا اعلان کیاجائےگا۔
آج ساری دنیا میں پاکستان کا نام عزت و وقار سے گونج رہا ہے، دنیا کے ہر خطے میں پاکستان کا وقار بلند ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کل شام ایران کے صدر سے بات ہوئی، ایران کے صدر نے بار بار پاکستان کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے کہا کہ پاکستان آکر وہاں کے عوام کا شکریہ ادا کرونگا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قومی وحدت کے لیے ہم ایک ہیں اور ایک رہیں گے، نائب وزیراعظم کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ انہوں نے بھی بھرپور حصہ ڈالا، وزیرداخلہ محسن نقوی نے ایران کے حوالے سے اپنا پورا کردار ادا کیا، قائد حزب اختلاف کا بھی شکریہ اداکرنا چاہتا ہوں، اس کامیابی میں سب سے زیادہ کلیدی کردار فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا ہے، ہمیں کریڈٹ لینےکا کوئی شوق نہیں بلکہ قوم کوکریڈٹ دلوانے کا جوش و جذبہ ذہنوں پر سوار تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں