وینزویلا میں قیامت خیز زلزلہ؛ 7.5 شدت کے جھٹکوں نے تباہی پھیلادی، ہزاروں اموات کا خدشہ

کراکس :جنوبی امریکی ملک وینزویلا میں پے در پے آنے والے دو انتہائی شدید زلزلوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں دارالحکومت کراکس سمیت کئی شہروں میں درجنوں عمارتیں زمین بوس ہو گئی ہیں، زلزلے کے باعث ہزاروں ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، امریکی اداروں نے بڑے جانی نقصان کی وارننگ جاری کر دی۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق وینزویلا میں آنے والا پہلا زلزلہ 7.1 شدت کا تھا، جس کے چند ہی منٹ بعد 7.5 شدت کا دوسرا انتہائی طاقتور زلزلہ آیا، یہ زلزلے مقامی وقت کے مطابق شام 6 بجے آئے، شام کے وقت آنے والے ان جھٹکوں کی وجہ سے فلک بوس عمارتیں لرز اٹھیں اور لوگ خوفزدہ ہو کر سڑکوں پر نکل آئے، وینزویلا کی قائم مقام صدر ڈیلسی روڈ ریگز نے اس تباہی کو قومی سانحہ قرار دیتے ہوئے ہنگامی صورتحال کا اعلان کر دیا۔
اب تک کی اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ زلزلے سے دارالحکومت کراکس کا مرکزی ‘مائی کیٹیا ائیرپورٹ’ شدید متاثر ہوا ہے اور وہاں پروازیں معطل کر دی گئی ہیں، اب تک سرکاری طور پر 32 افراد کی ہلاکت اور 700 سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی جا چکی ہے، تاہم ملبے تلے دبے ہونے کی وجہ سے یہ تعداد تیزی سے بڑھنے کا خدشہ ہے، حکومت کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں بڑے پیمانے پر امدادی سرگرمیاں شروع کر دی گئی ہیں۔
امریکی جیولوجیکل سروے نے زلزلے کی نوعیت اور تباہی کو مدِنظر رکھتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اس قدرتی آفت میں 10 ہزار سے لے کر ایک لاکھ تک اموات ہو سکتی ہیں، جب کہ وینزویلا کے ساتھ ساتھ امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شمالی علاقے بھی زلزلے سے لرز اٹھے، کیلیفورنیا میں آنے والے اس زلزلے کی شدت 5.6 ریکارڈ کی گئی، زلزلے کے فوری بعد انتظامیہ کی جانب سے خطرے کے پیشِ نظر تقریباً 10 لاکھ افراد کو الرٹ جاری کر دیا گیا تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں