بیرونِ ملک روزگار کے خواہشمند پاکستانیوں کیلئے ای پروٹیکٹر سسٹم کا آغاز

اسلام آباد : حکومتِ پاکستان نے بیرونِ ملک ملازمت کے لیے جانے والے لاکھوں شہریوں کے لیے جدید ترین سہولت متعارف کروا دی، بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ نے امیگریشن کے روایتی نظام کو مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کرتے ہوئے آن لائن پروٹیکٹر سسٹم کا آغاز کردیا، جس کے بعد اب شہریوں کو دفاتر کے چکر کاٹنے اور ایجنٹوں کے ہاتھوں لٹنے سے نجات مل جائے گی۔
اطلاعات کے مطابق نئے متعارف کردہ ‘ای پروٹیکٹر’ سسٹم کے تحت اب بیرونِ ملک ملازمت کے لیے جانے والے افراد اپنی رجسٹریشن گھر بیٹھے اپنے موبائل فون، لیپ ٹاپ یا کمپیوٹر کے ذریعے چند منٹوں میں مکمل کرسکیں گے، اب کسی بھی درخواست گزار کو پروٹیکٹر افس جا کر گھنٹوں طویل لائنوں میں لگنے کی بالکل ضرورت نہیں ہوگی۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس ڈیجیٹل نظام کا بنیادی مقصد امیگریشن کے پرانے اور وقت طلب طریقہ کار کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے، ماضی میں دور دراز علاقوں اور دیہات کے رہائشیوں کو پروٹیکٹر رجسٹریشن کے لیے بڑے شہروں میں قائم متعلقہ دفاتر کا مہنگا سفر کرنا پڑتا تھا، جہاں مختلف مراحل سے گزرنے کے علاوہ ان کا وقت اور پیسہ دونوں ضائع ہوتے تھے، اب یہ تمام مراحل ایک کلک پر آن لائن دستیاب ہوں گے۔

بتایا گیا ہے کہ درخواست گزار اب بیورو آف امیگریشن کی ویب سائٹ یا پورٹل پر جا کر درج آسان اقدامات کے ذریعے اپنا پروٹیکٹر حاصل کر سکیں گے، جس کیلئے شہری موبائل یا کمپیوٹر کے ذریعے پورٹل پر اپنی مطلوبہ معلومات درج کریں گے، نوکری کے معاہدے اور دیگر ضروری دستاویزات اپ لوڈ کرنا ہوں گی، آن لائن طریقے سے مقررہ سرکاری فیس ادا کریں گے، فیس کی ادائیگی اور تصدیق کے بعد پروٹیکٹر رجسٹریشن کا عمل خودکار طریقے سے مکمل ہو جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں