عوام کیلئے روز نیا دھچکا یا ریلیف؟ حکومت کا پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں روزانہ رد و بدل پر غور

اسلام آباد : حکومتِ پاکستان پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے لیے نئی تبدیلیاں لانے پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے، مروجہ 7 روزہ طریقہ کار کو ختم کرکے اب ایندھن کی قیمتوں کا روزانہ کی بنیاد پر تعین کرنے کا فیصلہ متوقع ہے، جس کے تحت پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں روزانہ رات کو ردوبدل کیا جائے گا، اس نئے نظام کے نفاذ سے قیمتوں کے حتمی تعین میں حکومت کا اپنا براہِ راست سیاسی و انتظامی کردار نمایاں طور پر کم ہو جائے گا۔
نجی ٹی وی کے مطابق پیٹرولیم ڈویژن کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے بتایا کہ اس نئے اور مجوزہ نظام کے تحت اب حکومت کے بجائے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کو قیمتوں کے تعین کی تمام تر ذمہ داری سونپی جا رہی ہے، اوگرا روزانہ کی بنیاد پر عالمی مارکیٹ اور روپے کی قدر کے مطابق ایندھن کی قیمتوں کا جائزہ لے گی، اوگرا کی جانب سے روزانہ رات کو پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا حتمی تعین کیا جائے گا۔
بتایا گیا ہے کہ نئے طریقہ کار کے تحت اوگرا کی جانب سے طے کردہ قیمتیں روزانہ باقاعدگی سے رات ٹھیک 12 بجے سے ملک بھر میں نافذ العمل ہو جایا کریں گی، حکومتی مؤقف ہے کہ ابھی اس وقت حکومت ہر 7 دن بعد قیمتوں کا جائزہ لیتی ہے، جس سے بعض اوقات مارکیٹ میں افراتفری پیدا ہو جاتی ہے اور پٹرول کی ذخیرہ اندوزی کی شکایتیں سامنے آتی تھیں، روزانہ کی بنیاد پر قیمتیں بدلنے سے مارکیٹ میں ذخیرہ اندوزی کے امکانات کم ہو جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں