بجلی صارفین کو ملنے والا بڑا ریلیف ختم ہونے کے قریب پہنچ گیا

کراچی : کراچی سمیت ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے ایک روپے 99 پیسے فی یونٹ کمی کی صورت میں جاری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کا ریلیف ختم ہونے کے قریب پہنچ چکا ہے، جس کے بعد اگلے ماہ سے بجلی کی قیمت میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اس وقت ملک بھر کے بجلی صارفین کو جنوری تا مارچ 2026ء کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت مجموعی طور پر 67 ارب 17 کروڑ روپے سے زائد کا ریلیف دیا جا رہا ہے، یہ ریلیف جون 2026ء سے نافذ کیا گیا تھا، تاہم اس کی تین ماہ کی مدت رواں ماہ اگست میں مکمل ہوجائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مدت ختم ہونے کے بعد اپریل تا جون 2026ء کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ اگلے ماہ سے نافذ کیے جانے کا امکان ہے، جس کے نتیجے میں ملک بھر کے بجلی صارفین پر اضافی مالی بوجھ پڑ سکتا ہے کیوں کہ اس حوالے سے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں درخواست جمع کرادی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ بجلی کمپنیوں کی درخواست میں صارفین سے 23 ارب روپے سے زائد وصول کرنے کی اجازت طلب کی گئی ہے، مجوزہ اضافہ تقریباً ایک روپے فی یونٹ بنتا ہے، تاہم سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی کی قیمت میں حتمی طور پر کتنا اضافہ کیا جائے گا، اس کا فیصلہ نیپرا کرے گا، ریگولیٹری اتھارٹی تقسیم کار کمپنیوں کی درخواست، متعلقہ اعداد و شمار اور دیگر عوامل کا جائزہ لینے کے بعد حتمی فیصلہ کرے گی، موجودہ ریلیف کے خاتمے کے بعد بجلی کے بلوں میں ممکنہ اضافے سے ملک بھر کے صارفین پر ایک بار پھر اضافی مالی دباؤ پڑنے کا امکان ہے، حتمی صورتحال نیپرا کے فیصلے کے بعد واضح ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں