جڑواں شہروں میں موسلادھار بارش، متعدد آبادیاں ڈوب گئیں،فوج اسٹینڈ بائی

راولپنڈی: جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلادھار بارش کے بعد نظام زندگی درہم برہم ہوگیا، راولپنڈی میں عام تعطیل کا اعلان کردیا گیا۔ تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہونے کے باعث خطرے کے سائرن بجا دیے گئے اور نالہ لئی کے کنارے آباد نشیبی علاقوں کے مکینوں کو فوری انخلا کی ہدایت کردی گئی۔

انتظامیہ کے مطابق اسلام آباد سے بڑا سیلابی ریلا راولپنڈی کی جانب بڑھ رہا ہے خطرے کے پیش نظر نشیبی آبادیوں کے انخلا کا حکم جاری کیا گیا ہے۔

کٹاریاں کے مقام پر نالہ لئی میں پانی کی سطح پہلے 14.5 فٹ تک پہنچی اور پری الرٹ لیول عبور کیا بعد ازاں مسلسل اضافے کے ساتھ 18.5 فٹ تک جا پہنچی۔ گوالمنڈی میں بھی پانی کی سطح 7 فٹ سے بڑھ کر 11 فٹ ہوگئی۔

راولپنڈی دریائے سواں میں نالہ لئی کا سیلابی ریلا داخل ہوگیا، دریائے سواں میں اونچے درجے کا سیلاب ہے، جی ٹی روڈ، پرائیوٹ سوسائیٹیز، اڈیالہ روڈ، چونترہ، چکری، چک بیلی تک سیلابی صورتحال ہے۔

اسلام آباد اور راولپنڈی میں شدید بارش کے باعث نیو کٹاریاں میں 120، گولڑہ 119 اور شمس آباد میں 104 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی، جبکہ اس سے قبل بالترتیب 101، 90 اور 75 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔

نالہ لئی کے کیچمنٹ ایریاز میں شدید بارش کے باعث رین الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔ انتظامیہ نے مزید بارش کے نتیجے میں پانی کی سطح تیزی سے بلند ہونے اور سیلابی ریلے کا خدشہ ظاہر کیا ہے جبکہ تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ کردیا گیا ہے۔

شدید بارش اور سیلابی صورتحال کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے مقامی تعطیل کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، یکم ستمبر بروز منگل راولپنڈی کی حدود میں مقامی تعطیل ہوگی، تمام متعلقہ ادارے مقامی تعطیل کے باعث بند رہیں گے تاہم ہنگامی نوعیت کے محکمے، ادارے اور اتھارٹیز معمول کے مطابق کام کریں گے۔

ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور نالہ لئی و دیگر نشیبی علاقوں کے قریب جانے سے اجتناب کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ نالہ لئی کے کنارے آباد افراد فوری طور پر علاقہ خالی کرکے محفوظ مقامات پر منتقل ہوجائیں۔

اسلام آباد ایکسپریس وے پر پانی کے باعث گاڑیاں روڈ پر پھنس گئیں، گاڑیاں پچھلے دو گھنٹوں سے ایکسپریس وے پر پھنسی ہوئی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں