راولپنڈی : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ وزارتِ اعلیٰ کی ذمہ داری سنبھالے ہوئے تقریباً ایک ہزار دن مکمل ہو چکے ہیں، جو پنجاب مجھے ملا تھا وہاں جادو ٹونے اور جھاڑ پھونک سے نظام چلتا تھا اور مؤکل پنجاب چلا رہے تھے، اللہ تعالیٰ کی مدد اور عوام کی سپورٹ کے بغیر آج یہاں تک پہنچنا ناممکن تھا، آج ایک ہزار دن کے اندر پورے صوبے میں جگہ جگہ ترقی، بیوٹیفکیشن اور عوامی فلاح کے بڑے منصوبے نظر آ رہے ہیں۔
راولپنڈی میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج جب میں پنڈی میں کھڑی ہوں اور پنڈی کے بچوں سے بات کر رہی ہوں تو پنڈی میں ایک طرف سے دوسری طرف تک بڑی تبدیلی آئی ہے، اور پنڈی اب تین سال پہلے والا پنڈی نہیں رہا کیوں کہ اب پنڈی میں جگہ جگہ ترقی ہو رہی ہے، بیوٹیفکیشن ہو رہی ہے، سڑکیں بن رہی ہیں اور امپروومنٹ آ رہی ہے، جس پر مجھے بہت خوشی محسوس ہوتی ہے۔
جو پنجاب مجھے ملا تھا، وہاں پر جادو ٹونے سے پنجاب چلتا تھا، جھاڑ پھونک سے پنجاب چلتا، موکل پنجاب چلا رہے تھے، مریم نواز https://t.co/Zg5YvqdY2j
— Khurram Iqbal (@khurram143) November 24, 2026
صوبے بھر میں جاری ترقیاتی و انتظامی اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ آج پنجاب میں جگہ جگہ ترقی نظر آ رہی ہے اور پورے صوبے میں ستھرا پنجاب پروگرام کامیابی سے جاری ہے، آج ستھرا پنجاب اتنا کامیاب منصوبہ بن چکا ہے کہ پنجاب کے ہر شہر کو 2 لاکھ ستھرا پنجاب کے اہلکار صاف کر رہے ہیں، اس منصوبے کی مقبولیت کا یہ عالم ہے کہ آزاد جموں و کشمیر میں الیکشن جیتے تو انہوں نے ستھرا آزاد کشمیر، خیبر پختونخواہ میں جب حکومت بدلی تو انہوں نے صاف ستھرا خیبر پختونخواہ کے نام سے اپنا صفائی کا منصوبہ شروع کیا۔
نوجوانوں اور طلبہ سے مخاطب ہوتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ پنڈی کے ہونہار، محنتی اور میرٹ پر کامیابی حاصل کرنے والے بچوں کو دیکھ کر فخر اور خوشی محسوس ہوتی ہے، یقین ہے کہ جب پاکستان کا مستقبل ایسے باصلاحیت نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے تو پاکستان کو کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا، آج کل ڈیجیٹل دور کے بچے ہیں، اس لیے پوری ٹک ٹاک اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر آپ سب کی ویڈیوز لگی ہوتی ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ جب آپ لیپ ٹاپس کی اَن باکسنگ کر رہے ہوتے ہیں تو میں بہت شوق سے آپ کی ویڈیوز دیکھتی ہوں اور دیکھ کر بہت خوشی ہوتی ہے، تقریب کے دوران مریم نواز شریف نے بچوں سے سوال کیا کہ کیا وہ بتا سکتے ہیں کہ ہزار دن میں کتنے گھر بن گئے؟ جس پر بچوں کے جواب کے بعد انہوں نے کہا کہ دس ہزار نہیں، آپ پنجاب کی بات کر رہے ہو، پنجاب میں ہزاروں یا سیکڑوں میں نہیں بلکہ لاکھوں میں کام ہوتا ہے۔




