قوم کی ثابت قدمی اور غیر متزلزل حمایت ہماری سب سے بڑی طاقت ہے، وزیراعظم

اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو ملائیشیا کے نیشنل ڈیفنس اسٹڈیز سینٹر کے ہال آف فیم میں شامل ہونے پر مبارکباد دی ہے، انہوں نے اس اعزاز کو پاکستان اور ملائیشیا کی دیرینہ دوستی کا عکاس قرار دیتے ہوئے کہا کہ معرکہ حق میں فیلڈ مارشل کی قائدانہ صلاحیتیں اور دفاعِ وطن کے لیے غیر متزلزل عزم قابلِ تحسین ہے، امن کے فروغ اور عالمی سطح پر پاکستان کا مقام بلند کرنے میں ان کی خدمات قابلِ قدر ہیں۔
اس حوالے سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری کردہ اپنے ایک تہنیتی پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو ملائیشیاء کے نیشنل ڈیفنس اسٹڈیز سینٹر کے ہال آف فیم میں شامل ہونے پر دلی مبارکباد پیش کی، انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا ہال آف فیم میں شامل ہونا پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان دیرینہ دوستی کا مظہر ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ معرکہ حق میں فیلڈ مارشل کی قائدانہ صلاحیتیں اور دفاعِ وطن کے لیے غیر متزلزل عزم قابلِ تحسین ہے، جب کہ امن کے فروغ اور عالمی سطح پر پاکستان کا مقام بلند کرنے میں فیلڈ مارشل کی خدمات قابلِ قدر ہیں، یہ اعزاز مسلح افواج کے بہادر جوانوں اور افسران کی جرات، لگن اور قربانیوں کا اعتراف بھی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ مسلح افواج پاکستان کی حفاظت کرتی ہیں، اور قوم کی ثابت قدمی اور غیر متزلزل حمایت ہماری سب سے بڑی طاقت ہے، دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو ترقی اور خوشحالی عطا فرمائے، پاکستان کی رہنمائی فرمائے اور ملک و قوم کی خدمت کے لیے ہماری مشترکہ کوششوں میں برکت عطا فرمائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں