لاہور: مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال اور نئے صوبوں یا انتظامی یونٹس کے قیام سے متعلق زیر بحث معاملات پر تمام پارلیمانی جماعتوں کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس مقصد کے لیے ایک خصوصی رابطہ کار سیاسی کمیٹی تشکیل دی جائے گی، جس میں مسلم لیگ (ن) کے اہم رہنماؤں کو شامل کیا جائے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مجوزہ کمیٹی کو دیگر پارلیمانی جماعتوں سے رابطوں اور سیاسی مشاورت کی ذمہ داری سونپی جائے گی۔ کمیٹی پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم پاکستان سمیت ایوان میں موجود تمام پارلیمانی جماعتوں کی قیادت سے رابطہ کرے گی اور انہیں موجودہ سیاسی صورتحال اور انتظامی ڈھانچے میں ممکنہ تبدیلیوں کے حوالے سے مشاورت میں شامل کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی قیادت چاہتی ہے کہ اہم قومی اور سیاسی معاملات پر انفرادی فیصلوں کے بجائے تمام سیاسی قوتوں کو اعتماد میں لے کر آگے بڑھا جائے۔ اس سلسلے میں مختلف جماعتوں کے مؤقف اور تجاویز حاصل کی جائیں گی تاکہ باہمی مشاورت سے کسی مشترکہ حکمت عملی پر اتفاق رائے پیدا کیا جا سکے۔ رابطہ کار کمیٹی کی تشکیل کو سیاسی جماعتوں کے درمیان رابطوں میں بہتری اور قومی معاملات پر اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔
یاد رہے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سندھ کی جبری تقسیم اور ریفرنڈم کی مبینہ تجاویز پر انتہائی سخت ردعمل کا اظہار کیا تھا، انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ سندھ کی تقسیم زور زبردستی کرنے کی کوشش کی گئی تو اس کے انتہائی خطرناک اور تباہ کن نتائج برآمد ہوں گے۔ کراچی پریس کلب میں ’میٹ دی پریس‘ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ زور زبردستی کے ذریعے سندھ کی تقسیم کی گئی تو کراچی کی سڑکوں پر جو خون بہے گا، اس پر کڑی بازپرس اور سوالات کیے جائیں گے، صوبے کی زبردستی تقسیم معاشرے کو ٹکڑے ٹکڑے کر دے گی اور یہ دشمنی کی حد تک چلی جائے گی، ایسی صورت میں عام آدمی ہتھیار اٹھانے پر مجبور ہو جائے گا اور یہ خون خرابا کسی ایک مقام تک محدود نہیں رہے گا، سندھ کی تقسیم کے معاملے پر صوبائی اسمبلی نے ایک نہیں بلکہ دس بار اپنا واضح مؤقف اور قرارداد پیش کرکے ردعمل دے دیا ہے۔
نئے صوبوں اور موجودہ سیاسی صورتحال پر مسلم لیگ ن کا تمام پارلیمانی جماعتوں سے رابطے کا فیصلہ




