پاکستان مکہ دفاعی معاہدے کے تقاضوں کے مطابق اپنا کردار ادا کرے گا، ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد : ترجمان دفتر خارجہ سجاد حیدر خان نے کہا ہے کہ پاکستان مکہ دفاعی معاہدے کے تقاضوں کے مطابق اپنا کردار ادا کرے گا، فی الحال کسی نئی تجویز یا معاملے پر کوئی بات چیت نہیں ہو رہی۔ تفصیلات کے مطابق ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران انہوں نے سعودی عرب کے ساتھ دفاعی معاہدے، مقبوضہ کشمیر کی صورتحال، حوثی حملوں اور متعدد بین الاقوامی پیش رفتوں پر پاکستان کا مؤقف جاری کیا، سعودی عرب پر ہونے والے حالیہ حملوں اور سیکیورٹی تعاون کے حوالے سے ترجمان نے واضح کیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مکہ جوائنٹ ڈیفنس ایگریمنٹ مکمل طور پر نافذ العمل ہے اور پاکستان اس کے تمام تقاضوں کے مطابق اپنا بنیادی دفاعی کردار ادا کرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ فی الحال پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان مکہ معاہدے میں مزید توسیع یا دیگر ممالک کی شمولیت کی کوئی تجاویز زیرِ غور نہیں ہیں، تینوں ممالک کا پہلا ہدف اپنے باہمی تعاون کو مضبوط بنانا ہے، پاکستان نے سعودی عرب پر حوثی باغیوں کے حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے سعودی قیادت اور عوام کے ساتھ کامل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
بھارت کے غیر قانونی اقدامات اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ کشمیر اقوامِ متحدہ کے ایجنڈے پر موجود ایک حل طلب متنازعہ مسئلہ ہے جسے بھارت کے یکطرفہ دعوے یا ہتھکنڈے تبدیل نہیں کرسکتے، مقبوضہ وادی میں یاسین ملک کی غیر قانونی قید اور ان کا بیانِ حلفی بھارتی عدالتی نظام کے منہ پر طمانچہ ہے، عالمی برادری فوری طور پر ان کی گرتی ہوئی صحت کا نوٹس لے، اس کے ساتھ ہی پاکستان نے 5 ستمبر کو بھارتی شہر سہارنپور میں ایک قدیم مسجد کی مسماری کی سخت الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم کے دورہ کرغزستان کے دوران دونوں ممالک میں متعدد شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے، پاکستان نے عرب و اسلامی ممالک کے ساتھ مل کر غزہ سے فلسطینیوں کی جبری بے دخلی پر مبنی اسرائیلی تجاویز کو یکسر مسترد کردیا ہے، جب کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر نیپال کے سیلاب متاثرین کے لیے 100 ٹن امدادی سامان کی کھیپ روانہ کی گئی ہے۔
سجاد حیدر خان کا کہنا ہے کہ پاکستان 4 سے 11 اپریل 2027ء تک سیف گیمز کی میزبانی کے لیے مکمل تیار ہے، پاکستان چین کے اہم منصوبے گلوبل گورننس انیشی ایٹو کا باضابطہ حصہ ہے اور اس پر مل کر کام کر رہا ہے، جب کہ اینٹی نارکوٹکس فورس نے سری لنکن حکام کے تعاون سے کراچی بندرگاہ پر کارروائی کرتے ہوئے افغان شہری کے زیرِ انتظام چلنے والے منشیات نیٹ ورک کو توڑ کر 200 کلوگرام منشیات برآمد کرلی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں