پشاور :چیف آف ڈیفنس فورسز و آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کور ہیڈکوارٹرز پشاور کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے فوجی دستوں کو ہر وقت اعلیٰ ترین آپریشنل تیاری اور چوکس رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے اعادہ کیا ہے کہ مسلح افواج قوم کی غیر متزلزل حمایت سے ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور دیرپا امن و استحکام کے قیام کے لیے پرعزم ہیں۔
مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پشاور آمد پر کور کمانڈر پشاور نے چیف آف ڈیفنس فورسز کا استقبال کیا، اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو خیبر پختونخواہ کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال، انسدادِ دہشت گردی کے جاری آپریشنز، پاک افغان بارڈر مینجمنٹ اور صوبے میں تعینات فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
بتایا گیا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے افسران اور جوانوں کے بلند حوصلے، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور غیر معمولی عملی تیاریوں کی تعریف کرتے ہوئے ملک و قوم کے تحفظ کی خاطر ان کی ثابت قدمی کو سراہا، انہوں نے کہا کہ مسلح افواج قوم کی غیرمتزلزل حمایت کے ساتھ دہشت گردی کو شکست دیں گے، ملک بھر میں دیرپا امن اور استحکام کے قیام کے لیے مسلح افواج پرعزم ہیں۔
اس سے قبل دورے کے دوران چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی، جہاں انہوں نے پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی، فیلڈ مارشل نے ملک کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی عظیم قربانیاں قوم کا فخر ہیں اور انہیں کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔
ملک بھر میں دیرپا امن اور استحکام کے قیام کیلئے پرعزم ہیں، فیلڈ مارشل




