اسلام آباد: پاکستان نے 23 ستمبر کو افغان سرزمین سے آنے والے ڈرونز کی مبینہ دراندازی کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ملکی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ پاکستان کا کہنا ہے کہ فضائی دفاعی نظام نے تمام درانداز ڈرونز کو اہداف تک پہنچنے سے پہلے ہی ناکارہ بنا دیا جس کے بعد دفاع وطن کے حق کو استعمال کرتے ہوئے افغانستان میں ڈرونز کے لانچنگ اور ذخیرہ کرنے کے لیے استعمال ہونے والے 10 مقامات پر فضائی اور ڈرون حملے کیے گئے۔
وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ افغان سرزمین سے ڈرونز کی دراندازی دانستہ اور غیرقانونی کارروائی تھی جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔
پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ فضائی دفاعی نظام نے تمام درانداز پلیٹ فارمز کا سراغ لگا کر انہیں تباہ کردیا اور حملے کو مکمل طور پر ناکام بنا دیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز 23 ستمبر کو پاکستان میں داخل ہونے والے 8 ڈرونز کو بھی فضائی دفاعی نظام نے مار گرایا تھا جن میں 4 کو طورخم کے قریب جبکہ 4 کو کوہاٹ سے متصل پہاڑی علاقوں میں گرایا گیا۔
پاکستان نے کہا ہے کہ افغان طالبان حکومت اور اس کے رابطہ کاروں کو گزشتہ کئی برس سے افغان سرزمین پر دہشت گردوں کی پناہ گاہوں اور ان کے معاون نیٹ ورکس کے حوالے سے مسلسل تشویش سے آگاہ کیا جاتا رہا ہے تاہم ان نیٹ ورکس کے خلاف قابلِ اعتماد اور قابلِ تصدیق کارروائی کرنے کے بجائے صورتحال کو پاکستان کے خلاف ڈرون کارروائیوں کے ذریعے مزید کشیدہ کیا گیا۔
پاکستانی مؤقف کے مطابق افغانستان میں کیے گئے حملے دانستہ، درست اور متناسب تھے اور انہیں صرف ان فوجی اہداف تک محدود رکھا گیا جو پاکستان پر کیے گئے مبینہ ڈرون حملوں سے براہِ راست منسلک تھے۔
اس سے دو روز قبل بھی پاکستان نے افغانستان کے سرحدی علاقوں میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کے خلاف کارروائی کا اعلان کیا تھا جس میں پاکستانی حکام کے مطابق 28 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
پاکستان نے واضح کیا ہے کہ افغان سرزمین سے دہشت گرد گروہوں یا افغان طالبان حکومت کی جانب سے ہونے والے کسی بھی حملے کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور ملکی خودمختاری کی خلاف ورزی کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
پاکستانی مؤقف کے مطابق دھمکیاں، تردید یا ذمہ داری سے بچنے کی کوششیں پاکستان کے اپنے دفاع کے حق کو محدود نہیں کرسکتیں۔
پاکستان نے افغان طالبان حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پاکستان کے خلاف تمام دشمن سرگرمیاں فوری طور پر بند کرے اور اپنی بین الاقوامی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے افغان سرزمین پر موجود دہشت گرد عناصر کے خلاف مؤثر، ٹھوس، قابلِ تصدیق اور مستقل کارروائی کرے۔ پاکستان نے واضح کیا کہ افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف حملوں یا دشمنانہ کارروائیوں کے لیے استعمال نہیں ہونا چاہیے۔




