کراچی:وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے سیاسی احتجاج روکنے کے لیے مال بردار گاڑیوں کی زبردستی ناکہ بندی پر گڈز ٹرانسپورٹرز کا صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا، آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز الائنس نے حکومت کو کرائے اور واجبات کی عدم ادائیگی پر ملک گیر ہڑتال اور پورٹس مکمل طور پر بند کرنے کی دھمکی دے دی۔
آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز الائنس کے چیئرمین نثار حسین جعفری نے حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کو روکنے کے لیے قبضے میں لیے گئے کنٹینرز کے کرائے اور کروڑوں روپے کے واجب الادا بقایا جات کی فوری ادائیگیاں نہ کی گئیں تو ٹرانسپورٹرز ملک بھر میں سامان کی ترسیل مکمل طور پر بند کردیں گے، جس سے ملک کی درآمدات اور برآمدات کا پورا نظام معطل ہو کر رہ جائے گا۔
اس حوالے سے انہوں نے انکشاف کیا کہ سیاسی لانگ مارچ اور دھرنوں کو روکنے کے لیے انتظامیہ نے سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کرنے کی خاطر اسلام آباد میں تقریباً 1 ہزار 100، پنجاب میں 1 ہزار 300 جبکہ ملک بھر میں مجموعی طور پر 2 ہزار 500 کے قریب گڈز کنٹینرز کو زبردستی اپنے قبضے میں لے کر کھڑا کر رکھا ہے، اس کارروائی سے نجی ٹرانسپورٹ کا کاروبار پوری طرح ٹھپ ہو چکا ہے۔
الائنس کے چیئرمین کا کہنا ہے کہ حکومت کو ان تمام کنٹینرز کے روزانہ کے کرائے کی مد میں 4 کروڑ 65 لاکھ روپے کی رقم ادا کرنی ہے لیکن طویل عرصہ گزرنے کے باوجود ٹرانسپورٹرز کو ایک روپیہ بھی جاری نہیں کیا گیا ہے، اگر حکومت نے فوراً ادائیگی نہ کی تو بندرگاہیں بند ہونے سے پیدا ہونے والے معاشی بحران اور برآمدات کے نقصان کی تمام تر ذمہ داری حکومت اور انتظامیہ پر عائد ہوگی۔
کنٹینرز کے کرائے نہ ملے تو کام بند کردیں گے، گڈز ٹرانسپورٹرز کی حکومت کو ملک گیر ہڑتال کی دھمکی




